مکرم چوہدری غلام رسول صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 9؍فروری 2009ء میں مکرم چوہدری غلام رسول صاحب کا ذکر خیر مکرم محمد انوارالحق صاحب کے قلم سے شائع ہوا ہے۔
محترم چوہدری غلام رسول صاحب سابق صدر جماعت احمدیہ حلقہ مغلپورہ لاہور (و زعیم اعلیٰ انصاراللہ مغلپورہ و سپرنٹنڈنٹ احمدیہ ہاسٹل دارالحمد لاہور) کی وفات 5؍جون 1995ء کو ہوئی تھی۔
آپ سلسلہ کے فدائی، ہنس مکھ طبیعت کے مالک، خدمت دین پر کمربستہ، نیکی کو سنوار کر ادا کرنے والے اور بدی کو بیزار ہوکر ترک کرنے والے تھے۔ دکھی انسانیت کے ہمدرد، خوبصورت و خوب سیرت، عمدہ اوصاف کے مالک اور دین کی خاطر اپنے آپ کو ہمہ تن وقف رکھنے والے مجسم وجود تھے۔ آپ اپنی ذات میں نہایت شریف النفس ، سعیدالفطرت، شمع احمدیت کے پروانے نہایت محنتی، دیانتدار اور سادگی کا نمونہ تھے۔ آپ کی سادگی کو دیکھ کر تحریک جدید کا مطالبہ سادہ زندگی، نمایاں نظر آتا تھا۔
آپ ایک صائب الرائے، خوش خلق، خصوصاً خلفائے سلسلہ سے نہایت محبت کا تعلق رکھتے تھے۔ ہر مالی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے۔ تحریک جدید کے وعدہ جات میں اپنے وعدہ کے علاوہ پچاس سے زائد بزرگان سلسلہ اور اپنے عزیز و اقارب کی طرف سے نہ صرف وعدہ کرتے بلکہ ساتھ ہی ادائیگی بھی کر دیتے۔
جماعت کے مختلف عہدوں پر سرفراز رہے مگر ہر عہدہ کی ذمہ داریوں کو آپ نے بطریق احسن اور نمایاں قابلیت اور خداداد صلاحیتوں سے نبھایا۔ سلسلہ کی کوئی نہ کوئی کتاب ضرور زیر مطالعہ رکھتے۔ روزانہ کا معمول تھا کہ گھر سے فجر کی نماز مسجد میں ادا کرنے کے لئے نکلتے تو عربی قصیدہ زبانی دوہراتے۔ مسجد میں لمبے نوافل بہت رقّت سے ادا کرتے۔
درس قرآن و حدیث بہت عمدہ پیرائے میں دیتے۔ ضعیف العمر ہونے کے باوجود آپ کو جو بھی خدمت سونپی جاتی بڑے پیار اور خوشی سے قبول کرتے۔ مرکز سے آنے والے نمائندگان اور مربیان سلسلہ کو خاص عزت بخشتے۔ آپ کا ایک خاص وصف چھوٹے اور بڑوں کو السلام علیکم کہنے میں پہل کرنا تھا۔