مکرم چوہدری محمد شریف صاحب گجراتی
ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان 8 ؍مارچ 2005 ء میں محترم حکیم بدر الدین عامل بھٹہ صاحب نے دو درویشان قادیان کا ذکرخیر کیا ہے۔
محترم چوہدری محمد شریف صاحب گجراتی ولد محترم میراں بخش صاحب موضع شیخ پور ضلع گجرات کے رہنے والے تھے۔ آپ نے گاؤں میں ہی معمولی تعلیم حاصل کی اور پھر اپنے والد صاحب کے ساتھ کھیتی باڑی کے کام میں مدد کرنے لگے۔ جنگ عظیم دوم شروع ہوئی تو حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ؓنے احمدی نوجوانوں کو فوج میں بھرتی ہونے کا مشورہ دیا۔ اس تحریک پر آپ بھی بھرتی ہوگئے اور 1945ء میں جنگ بند ہونے پر فوجی ملازمت سے فارغ ہو کر گھر واپس آئے۔ پھر 1947ء میں حفاظت مرکز کی تحریک ہوئی تو آپ قادیان آگئے اور یہاں مختلف مقامات پر ڈیوٹیاں دیتے رہے۔ طبیعت بڑی سنجیدہ تھی اور اپنے مفوضہ فرائض کو بڑی ذمہ داری سے ادا کرتے تھے۔
اُن ایام میں قادیان میں رہ پڑنے والے جملہ افراد کا کھانا لنگر خانہ میں ہی تیار اور تقسیم ہوتا تھا۔ اس احتیاط کے طور پر کہ روزانہ یہ امر چیک ہوتا رہے کہ آیا کوئی کھانا لینے سے محروم تو نہیں رہ گیا، کھانا حاصل کرنے کیلئے ٹین کے ٹوکن تیار کئے گئے جو لنگر خانہ کے گیٹ کے باہر ایک کمرہ میں بورڈ پر لٹکے رہتے تھے۔ چوہدری محمد شریف صاحب کی یہ ڈیوٹی ہوتی تھی کہ جو درویش کھانا لینے جائے اس کواس کا ٹوکن اُتار کر دیدیں۔ یہ ٹوکن کھڑکی پر جمع کروا کر ایک کس کھانا حاصل کیا جا سکتا تھا۔ اس طرح جو ٹوکن آخر پر رہ جاتے ان کا پتہ کیا جاتا کہ وہ درویش کیوں نہیں آسکا۔ 1952ء تک آپ یہ ڈیوٹی کرتے رہے۔
آپ کی شادی بہار میں بھاگلپور میں ہوئی تھی۔ آپ بڑے کفایت شعار تھے اور اپنی محدود کمائی میں سے بچت کرکے اچھی خاصی جائیداد پیدا کی۔
12 مارچ1984 ء کو وفات پاکر بہشتی مقبرہ میں مدفون ہوئے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو پانچ بچے عطا فرمائے تھے جو سب شادی شدہ اور صاحب اولاد ہیں۔