مکرم ڈاکٹر نجم الحسن صاحب شہید
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 18؍اگست 2010ء میں مکرم ڈاکٹر نجم الحسن صاحب (چائلڈ سپیشلسٹ) ابن مکرم فخرالحسن صاحب آف اورنگی ٹاؤن کراچی کی شہادت کی خبر شائع ہوئی ہے۔
مکرم ڈاکٹر نجم الحسن صاحب کو 16 اور 17؍ اگست 2010ء کی درمیانی شب تقریباً سوا بارہ بجے فائرنگ کرکے صرف 39 سال کی عمر میں شہید کر دیا گیا۔ آپ 1971ء میں ڈھاکہ بنگلہ دیش میں پیدا ہوئے۔ میٹرک 1987ء میں اورنگی ٹاؤن کراچی سے، ایف ایس سی پری میڈیکل 1989ء میں کراچی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے اور ایم بی بی ایس سندھ میڈیکل کالج کراچی سے کیا۔ جناح میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال میں ہاؤس جاب کے بعد بطور RMO سروس کی اور ساتھ ساتھ مزید تعلیم بھی حاصل کرتے رہے۔ 1999ء میں FCPS مکمل کرنے کے بعد سے تاوقت وفات ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی آف سائنسز میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر خدمات بجالارہے تھے۔ مرحوم اورنگی ٹاؤن میں طویل عرصہ سے اپنا پرائیویٹ کلینک چلا رہے تھے۔ وقوعہ کے روز مکرم ڈاکٹر صاحب کلینک بند کرکے گھر جانے کے لئے گاڑی میں سوار ہوئے ہی تھے کہ واقعہ پیش آگیا۔ شہید مرحوم نے اپنے پسماندگان میں اپنی اہلیہ محترمہ احمدی بیگم صاحبہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔ تینوں بچے وقف نو کی تحریک میں شامل ہیں۔