نبوت ختم ہے تجھ پر ، رسالت ختم ہے تجھ پر – نعت
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 17؍جون 2006ء میں مکرمہ ارشاد عرشی ملک صاحبہ کی ایک خوبصورت طویل نعت شائع ہوئی ہے جس میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
نبوت ختم ہے تجھ پر ، رسالت ختم ہے تجھ پر
ترا دیں ارفع و اعلیٰ ، شریعت ختم ہے تجھ پر
خدا خود نعت لکھتا ہے تری قرآن کی صورت
عجب ہے شان محبوبی ، وجاہت ختم ہے تجھ پر
مزمّل بھی ، مدثّر بھی ہے تُو یاسین و طٰہٰ بھی
انوکھے نام ہیں تیرے یہ ندرت ختم ہے تجھ پر
تُو آکر بعد میں بھی سب پہ بازی لے گیا پیارے
یہ ہمت ختم ہے تجھ پر ، یہ سبقت ختم ہے تجھ پر
تُو ہفت افلاک کو اک جست میں طے کرگیا عرشی
یہ شوکت ، یہ سعادت ، یہ امامت ختم ہے تجھ پر