نعتیہ کلام: صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 25؍ستمبر 2023ء)

روزنامہ‘‘الفضل’’ربوہ 11؍دسمبر2014ء میں مکرم محمد مقصود منیب صاحب کا خوبصورت نعتیہ کلام شامل اشاعت ہے۔ اس نعت میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:

مسجد نبوی مدینہ منورہ

ہر دَم ہے گونجتی صدا! صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی
راہِ نجات وَالْھُدٰی! صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی

حُسنِ اَتم ، جُود و کرم ، رَشکِ اِرم ، شِیریں دہن
اکمل ہیں خَلق و خُلق میں ، ہیں پاک رُوح و گُل بدن
صادق بھی ہیں امین بھی وہ خوش خصال و خوش چلن
احمدؐ، محمدؐ مجتبیٰ! صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی

چہرہ ضحی ہے آپؐ کا واللّیل زُلف آپؐ کی
عرشِ بریں دل آپؐ کا اکمل تریں جاں آپؐ کی
روشن جبیں ، سادہ طبع ، فطرت لطیف آپؐ کی
دل نے کہا جاں نے کہا  صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی

خیرِ بشر ، خیرِ رُسل ، آپؐ تو ہیں خدانُما
فخرِ عرب ، نورِ عجم ، آپؐ حبیبِ کِبریا
مختار و ختم المرسلیں ، ہیں آپؐ کے ارض و سما
لَوْلَاکْ مولا  نے کہا  صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی

شاہد بھی ہیں مشہود بھی ناصر بھی ہیں منصور بھی
احمدؔ بھی آپؐ کا غلام ، فضل عمر بھی نورؔ بھی
ناصرؔ بھی ہے عشاق میں ، طاہرؔ بھی ہے مسرورؔ بھی
سب دستِ قدرت نے لکھا صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی

اپنا تبصرہ بھیجیں