نعت لکھنے کا نہیں مجھ بے ہنر میں حوصلہ – نعت
ماہنامہ ’’النور‘‘ امریکہ اپریل 2010ء میں مکرمہ ارشاد عرشی ملک صاحبہ کی ایک نعت شائع ہوئی ہے۔ اس طویل نعت میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
نعت لکھنے کا نہیں مجھ بے ہنر میں حوصلہ
مَیں کہ جو کچھ بھی کہوں گی آپؐ ہیں اس سے سِوا
آپؐ ہی کی ذات ہے وجہِ وجودِ کائنات
آپؐ ہی کے دَم سے اپنے آپ پر نازاں حیات
رحمۃللعالمیں ہیں، آپؐ ہیں عالی صفات
آپؐ ہی انسانیت کے واسطے راہِ نجات
صفحۂ تاریخ میں ہر اک ادا محفوظ ہے
صورت و گفتار و اندازِ حیا محفوظ ہے
نیم شب کا کرب اور آہ و بکا محفوظ ہے
آپؐ کے دل کی تڑپ حرفِ دعا محفوظ ہے
بے سُری دنیا میں آہنگ و ترنُّم آپؐ ہیں
خُلقِ اعظم آپؐ قرآنِ مجسّم آپؐ ہیں
ہے پسِ پردہ خدا ، محوِ تکلّم آپؐ ہیں
رحمتِ یزداں کے ہونٹوں کا تبسم آپؐ ہیں
آپؐ کو تخلیق کرکے مسکرا اٹھا خدا
پھر کہا بے ساختہ صَلِّ عَلیٰ صَلِّ عَلیٰ