نوبل انعام کا بانی۔ الفریڈ نوبل
نوبلؔ ایک غریب معمار کے گھر 1836ء میں پیدا ہوا وہ صحت کی خرابی، غیرمعمولی ذہانت ، حساس طبیعت اور خاندانی حالات کے باعث تنہائی پسند انسان تھا۔ اس کے باپ نے مالی بد حالی اور قرض خواہوں سے تنگ آکر روس کے شہر ’’سینٹ پیٹر‘‘ میں پناہ لی۔ وہ بھی ایک ذہین آدمی تھا چنانچہ وہاں کچھ عرصہ بعد ہی وہ انجینئرنگ فرم کا مالک بن گیا۔ یہیں نوبلؔ کی تعلیم کا گھر میں آغاز ہوا۔ اس نے مادری زبان کے علاوہ فرانسیسی ، انگریزی ، جرمن اور روسی زبانوں پر عبور حاصل کیا اور سائنسی تجربات کی طرف بھی بھرپور توجہ دینے لگا۔
نوبل نے کئی برس کی تحقیق کے بعد نائیڑو گلیسرین کو کامیابی سے دھماکہ خیز مواد کے طور پر جان لیا۔ اگرچہ ان تجربات کی وجہ سے خود نوبل کا چھوٹا بھائی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔ نوبل نے 1880ء میں ڈائنامائٹ بنایا۔
1870ء میں اس نے دھماکہ خیز جلاٹین دریافت کی اور 1880ء میں وہ سیلیائٹ نامی ایک بے ضرر دھماکہ خیز مواد دریافت کرکے وہ خاصا امیر آدمی بن گیا۔ اس نے گراموفون ، ٹیلیفون ، برقی بیٹری اور تابان لیمپ کی ترقی کیلئے بھی کام کیا۔
نوبل کافی عرصہ غیر شادی شدہ رہا اور اس دوران اس نے خوب سیاحت بھی کی۔ وہ بہت اچھا لکھاری تھا۔ اس نے بہت سی ادبی کاوشیں بھی کیں۔ اس کے نزدیک جنگ ایک گھناؤنا جرم تھا۔ چنانچہ اس نے اپنی ساری دولت سائنس و ادب کے فروغ اور امن عالم کیلئے وقف کردی۔
یہ مضمون محترم عمران بدر ہاشمی کے قلم سے ماہنامہ ’’تشحیذالاذہان‘‘ ربوہ جنوری 1997ء میں شامل اشاعت ہے۔