نپولین بونا پارٹ
نپولین بونا پارٹ Corscican Noble کا بیٹا تھا۔ وہ 1769ء میں Corsciaمیں پیدا ہوا۔ ماہنامہ ’’تشحیذالاذہان‘‘ ربوہ اپریل 2004ء میں مکرمہ وحیدہ شاہین صاحبہ کا اس کے بارہ میں ایک معلوماتی مضمون شامل اشاعت ہے۔
دس سال کی عمر میں نپولین فرانس کے ایک عسکری سکول میں داخل ہوا۔ 15 سال کی عمر میں اُس نے فوج میں کمیشن حاصل کیا اور 24 سال کی عمر میں وہ بریگیڈیئر بن گیا۔ صرف دو سال بعد وہ فرانسیسی فوج کا سپہ سالار اعلیٰ بن چکا تھا۔ پھر آسٹریوں اور اطالویوں کو شکست دینے کے بعد وہ قومی ہیروبن گیا۔ اور اگلی مہم کے لئے فوج کی قیادت کرتا ہوا مصر کی طرف روانہ ہوا جہاں اس کا ارادہ فرانسیسی حکومت قائم کرنے اور وہاں سے خشکی کے راستہ ہندوستان پر چڑھائی کرنے کا تھا لیکن ایڈمرل نیلسن نے اس کو روکا اور دریائے نیل پر فرانسیسی بحری بیڑوں کو شکست دے کر نپولین کا منصوبہ خاک میں ملا دیا۔
جلد ہی نپولین فرانس لوٹ آیا اور حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد فرانس کا پہلا نائب امیر (قونصل) بن گیا۔ 1804ء میں وہ محض 34 سال کی عمر میں فرانس کا حکمران بن چکا تھا۔ 1812ء میں اس نے روس پر حملہ کر دیا لیکن ماسکو کی شدید اور اذیت ناک سردی کے نتیجہ میں اس کے پانچ لاکھ جوان ہلاک ہوگئے چنانچہ 1815ء میں اسے جنگ واٹرلو میں ویلنگٹن نے فیصلہ کن شکست دی۔ پھر اسے جنوبی اوقیانوس میں St. Helena کے جزائر میں قید کردیا گیا۔ اسی دوران 1821ء میں وہ مرگیا اور یہیں دفن ہوا۔ بعد میں 1840ء میں اس کی باقیات کو فرانس لایا گیا۔