وائٹ ہاؤس (White HOuse)
12؍اکتوبر 1442ء کو کرسٹوفر کولمبس نے امریکہ دریافت کیا اور 12؍اکتوبر 1792ء کو واشنگٹن ڈی سی میں امریکہ قصر صدارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس رہائشگاہ کی تعمیر میں صدر واشنگٹن نے ذاتی دلچسپی لی لیکن عمارت مکمل ہونے تک اُن کا انتقال ہوچکا تھا اور امریکہ کے جس صدر کو اس میں پہلی بار داخل ہونے کا موقع ملا وہ جان ایڈمز تھے۔ تاہم اُس وقت بھی تعمیر کا کام جاری تھا۔ 1830ء میں یہاں پانی کی سپلائی شروع ہوئی۔ 1835ء میں عمارت کو گرم رکھنے کا انتظام مکمل ہوا۔ اس عمارت میں بجلی کی سپلائی 1891ء میں شروع ہوئی۔ اُس زمانہ میں اس کا رنگ سفید نہ تھا اور یہ President Mansion کہلاتا تھا۔ جب انگریزوں نے واشنگٹن پر حملہ کرکے اِس عمارت کو نذرآتش کردیا تو آگ سے پیدا ہونے والے نشانات مٹانے کے لئے پوری عمارت پر سفید رنگ کردیا گیا اور تب سے یہ عمارت White House کہلانے لگی۔
وائٹ ہاؤس کی شاندار عمارت 53 میٹر لمبی اور 26 میٹر اونچی ہے۔ پہلی منزل پر صدارتی دفاتر ہیں جبکہ دوسری اور تیسری منزل صدر اور اُن کے اہل خانہ کی رہائش کے لئے استعمال ہوتی ہے۔ اس میں 16 بیڈرومز ہیں۔ نیز ڈرائنگ، ڈائننگ، سٹڈی، گیسٹ رومز اور ہر طرح کی سہولیات موجود ہیں۔ عمارت میں تفریح کے لئے ایک عجائب گھر اور سینما گھر بھی موجود ہے۔ قریباً چھ ہزار سیاح روزانہ یہاں آتے ہیں۔ یہ واحد صدارتی رہائشگاہ ہے جو عوام کے لئے کھلی ہے اور داخلہ بھی مفت ہے۔
یہ معلوماتی مختصر مضمون ماہنامہ ’’خالد‘‘ ربوہ جولائی 2009ء میں مکرم راشد احمد بلوچ صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔