پہلے امریکی احمدی – مسٹر محمد الیگزینڈر رسل ویب
مسٹر الیگزینڈر ویب 1846ء میں Hudson city, New York میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد ایک روزنامہ کے مالک اور مدیر تھے۔ آپ نے بھی گریجوایشن کرنے کے بعد صحافت کا پیشہ ہی اپنا لیا اور ایک روزنامہ کے مدیر بھی رہے۔آپ کو مذہب سے بہت لگاؤ تھا۔ تاہم عیسائیت سے اطمینانِ قلب نہ پاکر آپ نے 1872ء میں اسے ترک کرکے دیگر مذاہب کا مطالعہ شروع کیا۔اسی دوران حضرت مسیح موعودؑ کا ایک اعلان پڑھ کر آپکی حضورؑ کے ساتھ خط و کتابت ہوئی جس کے نتیجہ میں آپ نے اسلام قبول کرلیا۔
آپ کے بارے میں ایک تحقیقی مضمون مکرم پروفیسر فضل احمد صاحب کے قلم سے ’’احمدیہ گزٹ‘‘ امریکہ جون؍جولائی 1997ء کی زینت ہے۔
مضمون میں مسٹر ویب کاحضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے نام ایک خط (محررہ 24؍فروری 1887ء) اور حضور علیہ السلام کی طرف سے اس خط کا جواب بھی شامل ہے جو حضورؑ نے اپنی کتاب ’’شحنہ حق‘‘ صفحات 439۔444 پر نقل فرمائے ہیں۔
مسٹر ویب اپنے خط میں اسلام کی تبلیغ کا شوق ظاہر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ امریکہ میں اسلام کی تبلیغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور اس کیلئے خود کو پیش کرتے ہوئے حضورؑ کی راہنمائی چاہتے ہیں ۔ وہ دعا کرتے ہیں کہ اگرچہ حضورؑ سے جسمانی ملاقات حاصل نہ ہوسکے تاہم روحانی ملاقات نصیب ہواور حضورؑ کی امیدیں اور تدبیریں پوری ہوں۔ اس کے جواب میں حضرت اقدس ؑ نے یہ تحریر فرمایا کہ آپ کی چٹھی نے مجھے اس لئے بہت خوشی عطا کی ہے کہ وہ مراد جس کام کیلئے میں زندگی وقف سمجھتا ہوں وہ کسی قدر پوری ہوتی نظر آتی ہے یعنی امریکہ و یورپ میں تبلیغ اسلام۔
بعد ازاں مسٹر ویب کو فلپائن میں امریکہ کا سفیر مقرر کیا گیا اور اپنے عہدہ کی میعاد کے اختتام پر آپ نے ہندوستان کی بھی سیر کی اور واپس امریکہ جاکر بھی حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ سے خط وکتابت جاری رکھی۔ حضرت اقدسؑ کی وفات پر آپ نے تعزیتی خط بھی تحریر کیا۔ آپ نے امریکہ میں تبلیغ اسلام کی بھرپور کوشش کرتے ہوئے تین کتب تصنیف کیں اور سات تبلیغی سنٹر یا سرکل قائم کئے۔ مسٹر ویب کی وفات 1916ء میں ہوئی۔