پیسا کا مینار
ماہنامہ ’’تشحیذالاذہان‘‘ ربوہ اپریل 2005ء میں ایک مختصر معلوماتی مضمون (مرسلہ: صادقہ سلام) میں اٹلی کے پیسا مینار سے متعلق دلچسپ معلومات پیش کی گئی ہیں۔
اٹلی کے ایک شہر کا نام پیسا ہے جس کی شہرت اُس مینار کی وجہ سے ہے جو ایک طرف کو جھکا ہوا ہے۔ اس مینار کی بنیاد جس شخص نے رکھی تھی ابھی اس نے تین منزلیں ہی تعمیر کی تھیں کہ موت نے اُسے آلیا۔ اس کے بعد کئی دوسرے انجینئروں کی کوشش سے دو صدیوں میں یہ مینار مکمل ہوا۔ یہ مینار دنیا کے سات عجائبات میں سے ہے۔ ہر سال 19جون کی صبح کو اس کا جھکاؤ معلوم کیا جاتا ہے۔ ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ہر سال ایک انچ جھک جاتا ہے۔ دراصل اس مینار کے آس پاس کی زمین نرم وملائم اور کچھ دلدلی ہے۔ یہاں مضبوط بنیاد ڈالنا ممکن نہیں۔ یہی خرابی اس مینار میں بھی ہے۔ اس مینار کی چوٹی اپنے اصل مقام سے ہٹ کر 14فٹ کے فاصلے پر چلی گئی ہے اور اس کا جھکاؤ ہر سال بڑھتا رہتا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر اس جھکاؤ کو روکنے کی تدبیر نہ کی گئی تو یہ تاریخی مینار ایک دن زمین پرآگرے گا۔ چنانچہ اٹلی کی حکومت اس مینار کو سربلند رکھنے کے لئے مشورے کرتی رہتی ہے۔