چند مشہور مسلمان جغرافیہ دان (نمبر4)

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل 20؍جنوری2025ء)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 17؍دسمبر 2014ء میں چند مشہور مسلمان جغرافیہ دانوں کا تذکرہ شامل اشاعت ہے۔

ابن بطوطہ

٭…ابن بطوطہ : 1304ء میں مراکش کے شہر طنجہ میں پیدا ہونے والے معروف سیاح، مؤرخ اور جغرافیہ دان ابوعبداللہ محمد ابن بطوطہ کا انتقال 1378ء میں ہوا۔ انہوں نے جزائر شرق الہند اور چین کی سیاحت کی۔ عرب، ایران، شام، فلسطین، افغانستان اور ہندوستان بھی گئے۔ وہ محمد تغلق کے عہد میں ہندوستان آئے تھے۔یہیں سے ایک سفارتی مشن پر چین جانے کا حکم ملا۔ 28سال کی مدت میں انہوں نے 75ہزار میل کا سفر کیا۔ آخر میں فارس کے بادشاہ ابو حنان کے دربار میں آئے اور اس کے کہنے پر اپنے سفر نامے کو کتابی شکل دی۔ اس کتاب کا نام ’’عجائب الاسفارفی غرائب الدیار‘‘ ہے جو مختلف ممالک کے تاریخی و جغرافیائی حالات کا مجموعہ ہے۔
٭…ابن رشد : جغرافیہ دان، فلسفی، ریاضی دان، ماہر علم فلکیات اور ماہرفن طب ابن رشد قرطبہ میں 1126ء میں پیدا ہوئے۔ ان کا پور انام ابو الولید محمدبن احمد بن محمد بن احمد بن رشد القرطبی الا ندلسی ہے۔ ابن طفیل اور ابن اظہر جیسے مشہو رعالموں سے دینیات، فلسفہ، قانون، علم الحساب اور علم فلکیات کی تعلیم حاصل کی۔ یوں تو ابن رشد نے قانون، منطق، قواعد زبان عربی، علم فلکیات، جغرافیہ اور طب پر متعدد کتب لکھی ہیں۔ مگر ان کی وہ تصانیف زیادہ مقبول ہوئی ہیں جو ارسطوکی مابعدالطبعیات کی وضاحت اور تشریح کے سلسلے میں ہیں۔ ابن رشد 1198ء کو مراکش میں انتقال کر گئے۔ جمال الدین العلوی نے ابن رشد کی 108 تصانیف شمار کی ہیں جن میں سے ہم تک عربی متن میں 58تصانیف پہنچی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں