چند مشہور مسلمان جغرافیہ دان (1)

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 22؍مئی 2023ء)
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 17؍دسمبر 2014ء میں چند مشہور مسلمان جغرافیہ دانوں کا تذکرہ ایک قومی اخبار سے منقول ہے۔

٭… خوارزمی : عبداللہ بن محمد بن موسیٰ خوارزمی مشہور علم دوست اور علم پرور خلیفہ مامون کی سرپرستی میں قائم کردہ ادارے ’’دارالحکومت‘‘ میں علمی خدمات سرانجام دیتے تھے۔ان کی شہرت کی اہم وجہ ان کی مشہور زمانہ ریاضی کی کتاب ’’المختصر فی حساب الجبر والمقابلہ‘‘ ہے۔ ان کی علم جغرافیہ کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کی ایک طویل فہرست میں سے ایک کارنامہ ’’صورۃ الارض‘‘نامی کتاب کی تصنیف بھی ہے جس میں انہوں نے مختلف قدرتی اور آدم ساز (انسانوں کے بنائے ہوئے ) خطے مثلاً پہاڑوں، سمندروں، جزیروں، دریاؤں، نہروں اور شہروں کو ان کے ناموں کی ترتیب کے اعتبار سے ارضیاتی نقشہ جات میں وقت اور تصحیح کے ساتھ ذکر کیا ہے۔ بعض مغربی مصنفین نے اس کتاب پر ا ن الفاظ میں تبصرہ کیا ہے: پوری مغربی تہذیب اس کتاب کے مقابلے میں کوئی ایک تصنیف پیش نہیں کر سکتی کہ جس پر وہ فخر کر سکے۔ بلا شبہ اس کتاب نے علم جغرافیہ پر بڑا گہرا اثر ڈالا ہے۔
٭…یعقوبی : احمد بن جعفر بن وہب یعقوبی کی کنیت ابوالعباس تھی۔ پیدائش بغداد میں ہوئی اور 298ھ میں وفات پائی۔ ان کو شہروں کے احوال، ان کوملانے والے راستوں اور ان کے درمیان مسافتوں کی پیمائش سے واقفیت حاصل کرنے کا جنون تھا۔ا ن کی کتاب ’’البلدان‘‘ کے مخطوطے کا شمار ہمارے زمانے میں پائے جانے والے اہم ترین جغرافیائی مخطوطات میں ہوتا ہے۔ انہوں نے زمین کو جہات اربعہ یعنی مشرق، مغرب، شمال اور جنوب کا اعتبار کرتے ہوئے چار اقسام میں تقسیم کیا۔ براعظموں کو سلطنتوں اور ملکوں میں تقسیم کرنے کے اعتبار سے یعقوبی کو علم جغرافیہ کا مجدد سمجھا جاتا ہے۔
٭…ہمدانی : حسن بن احمد بن یعقوب ہمدانی کی کنیت ابو محمد تھی۔ یمن کے شہر صنعاء میں 280ھ میں ولادت اور 334ھ میں وفات پائی۔ جغرافیہ اور فلکیات سے بڑی اعلیٰ درجے کی واقفیت تھی۔ ان کی کتاب ’’صنعۃ جزیرۃ العرب‘‘ اپنی نوعیت کی انوکھی کتاب شمار ہوتی ہے جس میں تمہید ریاضیائی جغرافیہ (Mathematical Geography) سے کی اور طول البلد کے خطوط اور عرض البلد کے دائروں کے تعین کے مختلف طریقوں کو تفصیل سے بیان کیا اور ’’بطلیموس‘‘کی پیروی میں زمین کو سات براعظموں میں تقسیم کیا۔
٭… البکریٰ: نام عبداللہ اور کنیت ابو عبید تھی، اندلس کے شہر قرطبہ میں 432ھ میں ولادت اور 487ھ میں وفات ہوئی۔ علم جغرافیہ میں دو مشہور تصنیفات ہیں۔ایک ’’المسالک و الممالک‘‘ہے جس سے بعد کے جغرافیہ دانوں جیسے یاقوت اور دمشقی وغیرہ نے کافی استفادہ کیا۔ دوسری تصنیف میں شہروں کی معجم حروف تہجی کے اعتبار سے ترتیب دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں