کینیڈاکی دریافت

ہر سال 12؍اکتوبر کو امریکہ میں تعطیل عام ہوتی ہے کیونکہ اس دن 1492ء میں کولمبس نے امریکہ دریافت کیا تھا۔ اگرچہ مؤرخین نے ثابت کیا ہے کہ اس سے پہلے بحری قزاق امریکہ پہنچ چکے تھے اور نیز یہ کہ کولمبس شمالی امریکہ کے ساحل پر نہیں پہنچا تھا بلکہ 24؍جون1497ء کو اٹلی کا ایک شخص (Glovanni Caboto 1447-99) جو انگلستان کے بادشاہ ہنری ہفتم کا ملازم تھا وہ شمالی امریکہ کے اس ساحل پر پہنچا تھا جسے اب کینیڈا کہا جاتا ہے۔ یہ جہازران جس نے بعد میں اپنا نام بدل کر John Cabot رکھ لیا تھا نیوفاؤنڈلینڈ پہنچا تھا۔ چنانچہ امسال 24؍جون کا دن شان و شوکت سے منانے کے لئے کینیڈا، اٹلی اور برطانیہ نے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کئے اور انگلستان نے ایک بحری جہاز تیار کیا جو ہوبہو 500 سال پہلے والے جان کیبٹ کے جہاز کی نقل تھا اور اس کا نام بھی The Mathew ہی رکھا گیا اور اسے 2؍مئی 1997ء کو انگلستان سے نیوفاؤنڈلینڈ کے لئے روانہ کیا گیا جو 24؍جون کو منزل مقصود پر پہنچا۔ اسی طرح اونٹاریو سے ایک سو چھوٹے بحری جہازوں کے بیڑے نے بھی نیوفاؤنڈلینڈ تک سفر کیا۔

کینیڈا کا قومی پرچم

جان کیبٹ1447ء میں اٹلی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے چھوٹی عمر سے ہی سمندری سفر شروع کردیئے لیکن ان کا اصل شوق نئے بحری راستوں کی تلاش تھی۔ اس مقصد کیلئے جب انہیں اٹلی میں کوئی مدد نہ مل سکی تو وہ انگلستان میں برسٹل کے مقام پر منتقل ہوگئے اور دس سال تک بادل نخواستہ بحری سفروں میں مشغول رہے لیکن جب ہنری ہفتم کی تاجپوشی ہوئی تو گویا انہیں بھی ایک سرپرست مل گیا۔ انہوں نے ایک جہاز کو سازوسامان سے لیس کیا اور اٹھارہ ملاحوں کے ہمراہ اپنے بحری سفر کا آغاز کیا۔ ملاحوں میں تین ان کے اپنے بیٹے شامل تھے۔ جان کیبٹ 24؍جون کو کینیڈا پہنچے اور ہنری ہفتم کے نام پر اسے اپنی تولیت میں لے لیا۔جب جان کیبٹ واپس انگلستان پہنچے تو آپ کا پرجوش خیرمقدم ہوا اور The Great Admiral کے نام سے مشہور ہوئے۔ بادشاہ کی طرف سے دس پاؤنڈ بطور تحفہ ملے اور بیس پاؤنڈ کا سالانہ وظیفہ بھی مقرر ہوا۔
جان کیبٹ اپنے دوسرے بحری سفر پر 5 جہازوں اور 300 ملاحوں کے ساتھ 1498ء میں روانہ ہوئے اور Labrador کے ساحل تک پہنچے لیکن ان کی واپسی کا کوئی نشان نہیں ملتا۔ خیال ہے کہ واپسی پر ان کا بحری بیڑہ کسی وجہ سے سمندر میں غرق ہوگیا۔ 1501ء میں بعض پرتگالی سیاح لیبراڈر سے واپس یورپ پہنچے تو ان کے پاس بعض ایسی اشیاء تھیں جو اٹلی کی بنی ہوئی تھیں جس سے علم ہوا کہ جان کیبٹ دوسری دفعہ بھی براعظم امریکہ پہنچے تھے۔ انہوں نے اپنا سالانہ وظیفہ 1499ء تک ہی وصول کیا اس کے بعد ان کاکوئی اتہ پتہ نہیں ملتا۔ تاہم اس عظیم جہاز ران کے نام پر اس وقت کینیڈا میں ایک 70 میل لمبے پانی کے ٹکڑے کا نام Cabot Strait ہے نیز ایک خوبصورت شاہراہ کا نام بھی Cabot Trail رکھا گیا ہے۔ …
یہ معلوماتی مضمون روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 7؍نومبر 1997ء میں مکرم ہدایت اللہ ہادی صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔

ہدایت اللہ ہادی صاحب
50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں