کینیڈا کے ایک پرانے احمدی مکرم شیخ کرم دین صاحب کی وفات
ماہنامہ ’’احمدیہ گزٹ‘‘ کینیڈا اپریل 1998ء کی ایک خبر کے مطابق کینیڈا میں رہائش پذیر ہونے والے سب سے پہلے احمدی مکرم شیخ کرم دین صاحب 8؍مارچ 1998ء کو ساڑھے اٹھانوے برس کی عمر میں وفات پاگئے۔ آپ 12؍اگست 1899ء کو ہندوستان میں پیدا ہوئے اور 1919ء میں کینیڈا میں آباد ہوگئے۔ آپ نے دونوں عالمی جنگوں میں حصہ لیا۔ پیشہ کے لحاظ سے آپ درزی تھے اور اپنے فن میں یدطولیٰ رکھتے تھے۔ آپ کا جنازہ مکرم مبارک احمد نذیر صاحب مربی سلسلہ نے پڑھایا اور نوواسکوشیا کے مسلم قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ اگرچہ قبرستان کے دو نگران حضرات نے احمدی ہونے کی بناء پر آپ کی تدفین میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے نہ صرف انہیں ناکامی ہوئی بلکہ عہدہ سے بھی ہاتھ دھونا پڑے۔