ابن رُشد

ماہانہ ’’احمدیہ گزٹ‘‘ کینیڈا اکتوبر 1999ء میں عظیم مسلمان مفکر ابن رشد کے بارہ میں مکرم طارق حیدر صاحب رقمطراز ہیں کہ ابو ولید محمد ابن احمد ابن محمد ابن رشد 1128ء (520؍ہجری) میں سپین کے شہر قرطبہ میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد اور دادا اپنے دور کے مشہور قاضی تھے اور خاندان علوم و فنون میں طاق سمجھا جاتا تھا۔ آپ نے مذہب، قانون، طب، ریاضی، فلکیات اور فلسفہ کے مضامین کی تعلیم حاصل کی اور 27؍ سال کی عمر میں مراکش کی موحد عدالت کی خواہش پر اسلامی تعلیمات کے احیاء میں مدد کے سلسلہ میں مراکش چلے گئے۔ یہاں آپ نے خلیفہ ابو یعقوب کے طبیب ابن طفیل کی مدد سے ارسطو کے بعض نسخوں کا ترجمہ اور تفسیر کی۔ 44 برس کی عمر میں آپ سپین کے شہر Seville کے قاضی مقرر ہوئے اور پھر آپ کا تبادلہ قرطبہ میں ہوگیا۔ پھر آپ کو مراکش میں خلیفہ کا طبیب مقرر کیا گیا۔
ابن رشد کی کتب کی تعداد 78 تک بیان کی گئی ہے لیکن آپ کے شاگرد ابن البر کے نزدیک آپ کی 67 کتب ہیں جن میں سے 28 فلسفہ، 5 مذہب، 8 قانون، 4 علم نجوم، 2 صرف و نحو اور 20 طب پر مشتمل ہیں۔ آپ کے نزدیک علم فلکیات خدا تعالیٰ کی وحدانیت تک پہنچے کا آسان راستہ ہے۔
ابن رشد کی کتب کے کئی زبانوں میں تراجم ہوئے۔ سورج کے نشانات کی دریافت کا سہرا بھی آپ ہی کے سر ہے۔ آپ کی کتب فرانس کے علاوہ یورپ کی دیگر یونیورسٹیوں میں بھی لمبے عرصہ تک پڑھائی جاتی رہیں۔ میکسیکو یونیورسٹی میں تو 1831ء تک ابن رشد کو پڑھایا جاتا رہا۔
آپ کی وفات 1198ء میں ہوئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں