اکاشی کیکیو برِج ۔جاپان

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ21ستمبر 2012ء میں جاپان میں واقع دنیا کے طویل ترین سسپنشن پُل کا تعارف پیش کیا گیا ہے جو ’کوبے‘شہر کو ’اواجی شیما ‘ جزیرے سے ملاتا ہے۔ اس پُل کی تعمیر مکمل ہونے سے قبل یہ اعزاز ڈنمارک کے گریٹ بیلٹ ایسٹ برج کو حاصل تھا جس سے یہ پُل 366میٹر لمبا ہے۔ اس پُل کا افتتاح 5؍اپریل 1998ء کو جاپان کے ولی عہد اور شہزادی سیاکونے کیا۔
اکاشی کیکیو پُل صرف طویل ہی نہیں بلکہ سب سے اونچا بھی ہے۔ اس کے دو ٹاوروں کی اونچائی 928فٹ ہے جو ایفل ٹاور کے برابر ہے۔ جاپانی انجینئروں نے ا س پُل کو ایک خاص تکنیک کے ذریعے مضبوط بنایا جسے Truss کہتے ہیں۔ اس تکنیک میں پُل میں مختلف آہنی تکونوں کا ایک نیٹ ورک بنایا گیا ہے جس میں سے ہوا آر پارگز ر سکتی ہے۔ اس ڈیزائن کی وجہ سے یہ پُل 180میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
اس پُل کی ایک بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ یہ شدید زلزلے کو برداشت کر سکتا ہے۔ پُل سے 150کلومیٹر دُور اگر ریکٹر سکیل پر 8.5درجے کا زلزلہ آ جائے تو اسے بھی یہ پُل برداشت کر سکتا ہے۔
اس پُل میں 3لاکھ کلومیٹر لمبی کیبل استعمال کی گئی ہے جسے زمین کے گرد سات دفعہ لپیٹا جا سکتا ہے۔ لمبائی اور اونچائی کے علاوہ اس پُل کا ایک اَور عالمی ریکارڈ بھی ہے یعنی لاگت کے لحاظ سے یہ دنیا کا سب سے مہنگا پل ہے۔ اس کی تعمیر پر 4.3بلین ڈالر کی لاگت آئی جو اب تک دنیا میں کسی بھی پُل پر آنے والی سب سے بڑی لاگت ہے۔
اپریل 2006ء میں اس طویل ترین سسپنشن پُل کو دنیا کے سات نئے عجائبات میں شامل کرلیا گیا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں