ایفروامریکن مکرم محسن محمود صاحب

ماہنامہ‘‘احمدیہ گزٹ’’امریکہ نومبرودسمبر 2012ء میں نیویارک جماعت کے مخلص ایفروامریکن احمدی محترم محسن محمود صاحب کا ذکرخیر کرتے ہوئے مبلغ سلسلہ مکرم انعام الحق کوثر صاحب اپنے مضمون میں رقمطراز ہیں کہ آپ نے 1958ء میں مکرم عبداللہ صاحب کے ذریعہ احمدیت قبول کی جو اُن دنوں نیویارک جماعت کے صدر تھے۔
محترم محسن محمود صاحب نہایت مخلص اور مستعد احمدی تھے۔ نماز جمعہ کے لیے موسم یا اپنی صحت کی پروا کیے بغیر باقاعدگی سے تشریف لاتے اور تبلیغ کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیتے۔ دعوت الی اللہ کے لیے کتب اپنی گرہ سے خرید کر تحفۃً پیش کرتے۔ ہر ایک سے انتہائی محبت، شگفتہ مزاح، نرم گفتاری اور خوش اخلاقی آپ کی فطرت کا حصہ تھی۔
خلافت کا بہت احترام کرتے اور خلیفۂ وقت کے ہر حکم پر فوری عمل کرتے۔ مسجد کی تزئین کے لیے پھول لگاتے اور پودوں کی آبیاری کرتے۔ آپ مالی قربانی میں پیش پیش رہتے۔ جب آپ کو نظام وصیت میں شامل ہونے کی تحریک کی گئی تو آپ کے پوچھنے پر بتایا کہ اپنی آمد کا دس فیصد بطور چندہ ادا کرنا ہوگا۔ آپ کہنے لگے کہ مَیں تو پہلے ہی بیس سے پچیس فیصد ادا کررہا ہوں۔ پھر آپ نے وصیت کرلی۔ صرف پنشن پانے کے باوجود آپ کا چندہ اکثر دوسرے لوگوں سے زیادہ ہوتا تھا۔
آپ کی وفات پر حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 2؍نومبر 2012ء میں مرحوم کا ذکر فرمایا اور بعدازاں نماز جنازہ غائب پڑھایا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں