اداریہ: جماعت احمدیہ میں ذیلی تنظیموں اور ذیلی نظاموں کا اولین فرض

(مطبوعہ سہ ماہی اسماعیل اکتوبر تا دسمبر 2012ء)

اداریہ: جماعت احمدیہ میں ذیلی تنظیموں اور ذیلی نظاموں کا اولین فرض

پیارے بھائیو!
جماعت احمدیہ میں ذیلی تنظیمیں اور دیگر تمام ذیلی نظام اس لئے قائم کئے گئے ہیں تاکہ وہ خلیفۂ وقت کی بے مثال اطاعت کرنے والے مخلص و وفادار خدام اور نظام خلافت کے استحکام، اس کی مضبوطی اور اس کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار رہنے والے سلطان نصیر پیدا کرتے چلے جائیں۔ چنانچہ خلافت کے زیرسایہ آج جماعت احمدیہ میں جتنے بھی نظام جاری ہیں، اُن کا مقصد صرف یہ ہے کہ اپنے دائرہ کار میں شامل تمام افراد کی تربیت ایسے انداز میں کی جائے کہ وہ خلیفۂ وقت کے اشارے پر لبیک کہنا اور اس کے ہر ارشاد پر عمل کرنا اپنی زندگی کا مقصد قرار دیں۔ اس کا لازمی نتیجہ یہ بھی ہوگا کہ افراد جماعت باہم محبت کی ایک لڑی میں پروئے جائیں گے اور ہمیشہ ایک دوسرے کی بھلائی کے لئے کوشاں رہیں گے۔
ہمارا ایمان ہے کہ خلافت ہی وہ حبل اللہ ہے جس کو مضبوطی سے پکڑنا ہر احمدی کا فرض ہے۔ پس خلافت کی اطاعت اور اس نظام کی حفاظت کے لئے جدوجہد کرنا ہر احمدی کی بنیادی اور اوّلین ذمہ داری ہے۔ لیکن واقفین زندگی کو یہ ذمہ داری دوسروں سے بڑھ کر ادا کرنی ہے۔ اس سرچشمۂ حیات (یعنی خلافت) کے ذریعہ ہی ہم دنیابھر میں پھیلی ہوئی مُردہ روحوں کی سیرابی کی مساعی میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں اور اس (خلافت حقّہ) کے ساتھ تعلق استوار رکھ کر ہی ہم حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے درختِ وجود کی سرسبز شاخ کہلاسکتے ہیں۔
پس دوسرے ہر احمدی سے بڑھ کر ہم واقفین کا یہ فرض ہے کہ نظام خلافت کی حفاظت اور مضبوطی کی خاطر خلیفۂ وقت کے ارشادات کی من و عن اطاعت کرنا اپنی عادت بنالیں۔ اس بابرکت وجود کی پاکیزہ نصائح کو محبت اور کامل وفا کے ساتھ اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کی سعی کرتے چلے جائیں۔ اپنی دعاؤں میں اپنے پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی، لمبی زندگی اور آپ کو سلطان نصیر عطا ہوتے چلے جانے کی دعا بھی کریں اور اپنے لئے کامل وفا کے ساتھ خلیفۂ وقت کی اطاعت کرنے کی توفیق ملنے اور انجام بخیر ہونے کے لئے بھی دعا کیا کریں۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد بھی ہمیشہ ہمارے پیش نظر رہنا چاہئے کہ:
’’خلافت کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لئے ہر احمدی کا فرض بنتا ہے کہ اپنی نمازوں کی طرف توجہ دے تا کہ وہ انقلاب جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ وابستہ ہے، جس کے نتیجے میں دنیا کی اکثریت نے حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے تلے جمع ہونا ہے، وہ جو دعاؤں کے ذریعے سے عمل میں آنا ہے، وہ عمل میں آئے۔ پس ہر احمدی اس بات کو ہمیشہ یاد رکھے اور اپنی نمازوں کی حفاظت، اپنی اولاد کی نمازوں کی حفاظت کی طرف توجہ دے تا کہ ہم جلد تمام دنیا پر حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا جھنڈا لہراتا ہوا دیکھیں۔ اللہ تعالیٰ کے رحم کو ہم بھی اور ہماری نسلیں بھی جذب کرنے والی ہوں‘‘۔
(خطبہ جمعہ فرمودہ 22؍جون 2012 ء بمقام مسجد بیت الرحمن واشنگٹن۔امریکہ)
اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی معانی میں زندگی وقف کرنے والا، وقف کا شعور رکھنے والا اور کامل وفا اور اخلاص کے ساتھ اس حبل اللہ یعنی خلافت عظمیٰ کی کامل اطاعت میں زندگیاں بسر کرنے والابنائے۔ آمین

محمود احمد ملک

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں