حضرت مسیح موعودؑ کی محبت الٰہی

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 27؍جون 1998ء میں شامل اشاعت محترم مولانا عبدالمالک خانصاحب کے مضمون میں بیان کیا گیا ہے کہ حضرت اماں جانؓ اور حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحبؓ کی روایت ہے کہ گھر میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ بکثرت ’سبحان اللہ وبحمدہٖ سبحان اللّہ العظیم‘ کا ورد رکھتے-
حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ بھی بیان کرتے ہیں کہ جب حضور علیہ السلام مجلس میں تشریف فرما ہوتے تو میں کوشش کرکے آپ کے قریب بیٹھتا اور میں نے بار بار آپؑ کو ’سبحان اللہ وبحمدہٖ‘ اور ’سبحان اللّہ العظیم‘ پڑھتے سنا-
حضرت مصلح موعودؓ بیان فرماتے ہیں کہ حضرت مسیح موعودؑ ہر وقت باوضو رہتے تھے سوائے اس کے کہ بیماری کی وجہ سے رُک جائیں- حضرت اماں جانؓ فرماتی ہیں کہ حضرت اقدسؑ پنجگانہ نماز کے علاوہ اشراق اور تہجّد کے نوافل بھی ادا فرمایا کرتے تھے- اشراق کبھی کبھی پڑھتے لیکن تہجّد ہمیشہ پڑھتے سوائے اس کے کہ آپؑ بیمار ہوں لیکن ایسی صورت میں بھی تہجّد کے وقت لیٹے لیٹے ہی دعا مانگ لیتے-

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں