خطاب حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز برموقع افتتاحی تقریب مسجد دار السلام 08؍ اکتوبر 2017ء
(نوٹ: سیدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے پرمعارف خطبات و خطابات قرآن کریم، احادیث مبارکہ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات کی لطیف تفسیر ہیں – چنانچہ دوستوں کی خواہش پر ویب سائٹ ’’خادم مسرور‘‘ میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد فرمودہ تمام خطبات جمعہ اور خطابات upload کئے جارہے ہیں تاکہ تقاریر اور مضامین کی تیاری کے سلسلہ میں زیادہ سے زیادہ مواد ایک ہی جگہ پر باآسانی دستیاب ہوسکے)
أَشْھَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیکَ لَہٗ وَأَشْھَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُہٗ
أَمَّا بَعْدُ فَأَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ- بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْحَمْدُلِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔ اَلرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔ مٰلِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ۔
اِھْدِناَ الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ۔ صِرَاطَ الَّذِیْنَ اَنْعَمْتَ عَلَیْھِمْ غَیْرِالْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ وَلَاالضَّآلِّیْنَ۔
آج اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ لوگوں کو مسجد کی بنیاد رکھنے کی توفیق مل رہی ہے۔ مساجد کی تعمیر ایک ایسا کام ہے جس کے بارے میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے ایک مسجد بنائی یا مسجد بنانے میں حصہ لیا اس نے اللہ تعالیٰ کا گھر بنا کر اپنا جنت میں گھر بنایا۔ پس خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو اس کام میں حصہ لیتے ہیںا ور پھر نہ صرف یہ کہ مسجدیں تعمیر کرتے ہیں بلکہ ان کے حق بھی ادا کرنے والے ہوتے ہیں۔ اور مسجدوں کا حق یہی ہے کہ اس میں آ کر جہاں اللہ تعالیٰ کا حق ادا کیا جائے وہاں اس کے بندوں کا بھی حق ادا کیا جائے۔ جوں جوں انسان اللہ تعالیٰ کے قریب ہوتا ہے اُسے اس بات کا فہم اور ادراک حاصل ہوتا ہے کہ مَیں نے اللہ تعالیٰ کے حق ادا کرنے ہیں تو ساتھ ہی اس کی مخلوق کے حق بھی ادا کرنے کی طرف توجہ پیدا ہوتی ہے۔ پس آج جس کام کی آپ بنیاد رکھ رہے ہیں اس کے لئے جہاں آپ یہ دعا کریں کہ اس مسجد کی تکمیل جلدی ہو جائے اور اس کے لئے کوشش بھی کریں۔ وہاں یہ دونوں قسم کے حقوق بھی ادا کرنے کے لئے اپنے آپ کو پہلے سے بڑھ کر تیار کرنا شروع کر دیں۔ اورہر اینٹ جو مسجد کی رکھی جائے اس پہ یہاں کے رہنے والے ہر احمدی کے ایمان کی دیواریں بھی مزید مضبوط تر ہوتی چلی جانی چاہئیں اور اس طرف توجہ پیدا ہونی چاہئے کہ ہم نے اللہ اور اس کے بندوں کے حق ادا کرنے ہیں۔
اللہ کرے کہ اس مسجد کی تکمیل جلد ہو اور پھر انشاء اللہ جب اس کا افتتاح ہو تو اس وقت آپ میں سے ہر ایک جہاں پہلے سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کا حق ادا کرنے والا ہو وہاں اردگرد کی مخلوق اور آپ کے جو ہمسائے ہیں ان کا حق بھی ادا کرنے والے ہوں اور عمومی طور پر ہر انسان کا حق ادا کرنے والے بنیں۔
روایتاً دعا تو جب بنیاد رکھی جاتی ہے تو عموماً وہاں ہوتی ہے لیکن کیونکہ رسمی مجلس یہاں بھی ہو رہی ہے اس لئے اب ہم دعا کریں گے۔ میرے ساتھ دعا میں شامل ہو جائیں۔ (دعا)
