خلافتِ احمدیہ کے مقام کے حوالے سے منتخب اشعار

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل 22 مئی 2020ء)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 25؍مئی 2013ء میں خلافتِ احمدیہ کے مقام کے حوالے سے منتخب اشعار شامل ہیں۔ ان میں سے بعض قبل ازیں ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘ کا حصہ بنائے جاچکے ہیں۔ دیگر ذیل میں ہدیۂ قارئین ہیں:
مکرم محمد صدیق امرتسری صاحب کے کلام سے انتخاب:

امام وقت جب بھی منتخب ہوگا مشیت سے
بدل جائیں گے سب خوف و خطر امن و سکینت سے
الٰہی رکھ ہمیں پیوستہ ہر لمحہ اطاعت سے
نہ اِک لحظہ بھی گزرے عمر کا باہر جماعت سے

مکرم روشن دین تنویر صاحب کی ایک نظم سے انتخاب:

سمجھتے ہیں وابستگانِ خلافت
ملائک ہیں خود پاسبانِ خلافت
جو مومن بجا لائیں اعمالِ صالح
ہے ان کے لیے ارمغانِ خلافت

مکرم عبدالکریم قدسی صاحب کی ایک نظم سے انتخاب:

فضائے غم میں سکینت کے ابر لاتا ہے
دلوں کی کھیتیوں میں تمکنت اُگاتا ہے
وہ اپنے نُور سے اِک شکل سی بناتا ہے
دلوں پہ مہرِ اطاعت وہی لگاتا ہے
وہ اپنا فیصلہ دنیا کو پھر سناتا ہے
قسم خدا کی خلیفہ خدا بناتا ہے

مکرم عبدالسلام صاحب کی ایک نظم سے انتخاب:

یہی نوعِ بشر کے واسطے تقدیر یزدانی
نبوت قدرت اوّل، خلافت قدرت ثانی
اگر سینے میں دل قائم لہو بھی جوش و قوّت بھی
خلافت ہے اگر زندہ عمل بھی ذوق و جدّت بھی

مکرمہ احمدی بیگم صاحبہ کی ایک نظم کے منتخب اشعار:

خدا کی قدرت ثانی کا ہے یہ پانچواں مظہر
جماعت ہو گئی مسرور پا کر پانچواں مظہر
خلافت کی اطاعت فرض ہے اسی میں ہی برکت ہے
’’خلافت سے عقیدت ہو تو یہ بھی اِک عبادت ہے‘‘

مکرمہ صاحبزادی امۃالقدوس صاحبہ کی نظم سے انتخاب:

خدا کا ہے وعدہ خلافت رہے گی
یہ نعمت تمہیں تا قیامت ملے گی
مگر شرط اس کی اطاعت گزاری
رہے گا خلافت کا فیضان جاری

مکرمہ ڈاکٹر فہمیدہ منیر صاحبہ کی ایک نظم سے منتخب اشعار:

شجر سے جو رہے وابستہ وہ پھلدار ہو جائے
جو کٹ کر گر گیا بے دست و پا بیکار ہو جائے
خلافت سے عقیدت کی جو رسم و راہ رکھتا ہے
نہیں ممکن وہ خالی ہاتھ یا نادار ہو جائے

مکرم انور ندیم علوی صاحب کی ایک نظم سے انتخاب:

بھری دنیا میں تنہا یہ ہمیں اعزاز حاصل ہے
ہدایت یافتہ رہبر، معیّن اپنی منزل ہے
خدا کے فضل کا سایہ ہمیشہ ہی رہے قائم
دعا کرتا ہوں انوارِ خلافت ہم پہ ہوں دائم

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں