خلفاء سلسلہ کی طلبہ جامعہ کو نصائح

جامعہ احمدیہ جونیئر سیکشن کے خلافت سووینئر 2008ء میں مکرم امین الرحمن صاحب نے خلفاء سلسلہ عالیہ احمدیہ کی طلبہ جامعہ کے لئے اہم نصائح کے حوالہ سے ایک مضمون مرتب کیا ہے۔
٭ حضرت خلیفۃالمسیح الاوّلؓ نے فرمایا:
’’جب تک جڑ زمین میں مضبوطی کے ساتھ گڑ نہ جائے اس وقت تک اکھیڑنا آسان ہے اور جڑ مضبوط ہونے کے بعد دشوار۔ عادات و عقائد بھی درخت کی طرح ہوتے ہیں۔… ہم نے دیکھا ہے کہ جن کو بچپنے میں جھوٹ کی عادت پڑگئی ہے پھر عالم فاضل ہوکر بھی اُن سے جھوٹ کی عادت نہیں چھوٹی ہے‘‘۔
’’دوسری نصیحت مَیں تم کو یہ کرتا ہوں کہ آج اگر تم نماز نہ پڑھوگے تو بڑے ہوکر تو بالکل ہی تم کو نماز کی عادت نہ رہے گی۔‘‘
٭ حضرت مصلح موعودؓ نے فرمایا:
’’جامعہ کے طلباء کو ایک ہی مقصد اپنی زندگی کا قرار دینا چاہئے اور وہ اسلام کی تبلیغ ہے‘‘۔
٭ حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ نے فرمایا:
’’جب تک ہمارے مربی کا تعلق اللہ تعالیٰ کے ساتھ قائم نہیں ہوگا وہ عوام کے دلوں میں اُس قسم کی تبدیلی پیدا نہیں کرسکے گا‘‘
ناصر ہوسٹل ربوہ کے افتتاح کے موقع پر حضورؒ نے فرمایا: ’’جو شخص خدا کے پیار کو حاصل کرنا چاہتا ہے وہ خدا کی مخلوق کو دکھ نہیں پہنچاسکتا۔ … مبلغین کو اِس میدان کے لیڈر اور قائد اور اس کے رہبر بننا ہے‘‘۔
٭ حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ فرماتے ہیں:
’’عام طور پر دینی علماء میں یہی کمزوری دکھائی دیتی ہے کہ دین کے علم کے لحاظ سے اُن کا علم کافی وسیع اور گہرا بھی ہوتا ہے لیکن دین کے دائرہ سے باہر دیگر دنیا کے دائروں میں وہ بالکل لاعلم ہوتے ہیں۔ علم کی اس کمی نے اسلام کو شدید نقصان پہنچایا ہے‘‘۔ ’’ہمیں ایسے واقفین بچے چاہئیں جن کو شروع ہی سے غصے کو ضبط کرنے کی عادت ہونی چاہئے۔ جن کو اپنے سے کم علم کو حقارت سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ جن کو یہ حوصلہ ہوکہ وہ مخالفانہ بات سنیں اور تحمل کا ثبوت دیں‘‘۔
٭ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ
نے جامعہ احمدیہ برطانیہ کے افتتاح کے موقع پر طلباء سے فرمایا: ’’آپ کے اساتذہ کو بھی، آپ کے گھر والوں کو بھی، آپ کے ماحول کو بھی اور آپ کو خود بھی اپنے اندر ہر روز ایک نئی تبدیلی پیدا ہوتی نظر آنی چاہئے۔ آپ کا اللہ تعالیٰ سے تعلق روز بروز بڑھنا چاہئے۔ ہمیشہ یہ ذہن میں رہے کہ مَیں واقف زندگی ہوں۔ اب میرا اپنا کچھ بھی نہیں، میری ذات اب خدا کے لئے اور خدا کی جماعت کے لئے ہے‘‘۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں