رائل جیلی کے فوائد اور احتیاط

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 25؍نومبر 2022ء)
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 22؍دسمبر 2014ء میں مکرم ڈاکٹر نذیر احمد مظہر صاحب کے قلم سے رائل جیلی کے فوائد اور اس کے استعمال میں احتیاط ملحوظ رکھنے کے حوالے سے ایک مختصر مضمون شامل اشاعت ہے۔

رائل جیلی سفید یا پیلی رنگت میں گاڑھے دودھ کی طرح ہوتی ہے۔ یہ بدذائقہ اور اس کی بُو پنیر کی طرح ہوتی ہے۔ چھتے سے حصول کے بعد جلد ٹھنڈی خشک جگہ محفوظ نہ کیا جائے تو خراب ہو جاتی ہے۔ رائل جیلی کا استعمال تھوڑی مقدار سے شروع کرنا چاہیے، بعد میں بڑھالیں۔ شوگر کا مریض جو شہد میں ملی ہوئی رائل جیلی استعمال نہ کرسکتا ہو تو خالص مائع رائل جیلی یا سافٹ جِل گولیوں کی شکل میں استعمال کرلے۔
شہد کے چھتے میں شہد اوررائل جیلی کے علاوہ Bee pollen بھی ہوتی ہے جوکہ کارکن مکھیوں کی خوراک ہے۔ اس کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ بالخصوص مَردوں میںسپرم میں بہتری پیدا کرتی ہے۔ اس میں وٹامنز، معدنیات،نیوکلک ایسڈاور سٹیرائیڈ ہارمونز پائے جاتے ہیں اور یہ صحت و طاقت اور مدافعتی نظام میں بہتری پیدا کرتی ہے۔
اگر کسی کو شہد کی مکھی کی تیار کردہ اشیاء یعنی شہد یا Bee Pollenسے الرجی ہو، نیز پاپولر یا صنوبر کے درختوں سے الرجی ہو تو وہ رائل جیلی کا استعمال مت کریں۔
جو لوگ کولیسٹرول لیول کم کرنے کی یا خون کو جمنے سے روکنے والی یا خون کو پتلا کرنے والی ادویات استعمال کرتے ہیں تو چونکہ رائل جیلی ان ادویات کے اثرات کو اَور زیادہ بڑھا دیتی ہے لہٰذا نقصان کا باعث ہو سکتی ہے۔ اسی طرح چھاتی کے کینسر میں رائل جیلی کا استعمال نہ کریں۔ بیمار افراد کو طبّی راہنمائی کے بغیر رائل جیلی استعمال نہیں کرنی چاہیے۔
رائل جیلی سے جسمانی طاقت اور مدافعتی نظام میں اضافہ ہوتاہے۔ اس کے علاوہ یہ بہت سی بیماریوں جیسا کہ ذیابیطس، جوڑوں میں درد، ہائی بلڈپریشر، ڈیپریشن اور کولیسٹرول کی زیادتی کے خلاف جدوجہد کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے استعمال کا بھرپورفائدہ تب ہی ہوگا جب ساتھ باقاعدہ ورزش کریں، کوئی کھیل کھیلیں، یوگا کریں اور ایسے کھانے کھائیں جن میں چکنائی کم ہو۔ نیز پانی کا بکثرت استعمال کریں۔ اسی طرح ٹِن پیک اور سوڈا جوس وغیرہ سے پرہیز کریں، رات کو جلدی سوئیں اور صبح جلدی اٹھیں۔ اس طرح ہی رائل جیلی کے استعمال سے زندگی کو ایک نیا رُخ مل سکتا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں