مجلس انصار اللہ یوکے کے زیراہتمام چیرٹی واک فور پیس2016ء

(مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل 26 اگست 2016ء)

مجلس انصار اللہ یوکے کے زیراہتمام
چیرٹی واک فور پیس2016ء (Charity Walk for Peace) کا کامیاب انعقاد ۔
اڑہائی ہزار سے زائد افراد کی شمولیت

(فرخ سلطان محمود)

مجلس انصاراللہ برطانیہ کی سالانہ چیرٹی واک برائے امن (Charity Walk for Peace) نہایت کامیابی کے ساتھ 29مئی 2016ء کو ایسٹ لندن کی نیوہیم کونسل میں منعقد ہوئی۔ امسال اس اہم پروگرام کی کمیٹی کے صدر مکرم ظہیر احمد جتوئی صاحب نائب صدر اوIل کو مقرر کیا گیا تھا۔ اس کمیٹی کے دس شعبے تھے اور اسی قسم کی کمیٹیاں ریجنل سطح پر بھی قائم کی گئی تھیں۔ اس طرح مجموعی طور پر اس واک کو کامیاب بنانے کے لئے قریباً پانچ صد انصار نے حصہ لیا۔
امسال کی واک کا رُوٹ نیوہیم کونسل کی بلڈنگ سے متّصل پُرفضا مقام پر دریا کے کنارے مقرر کیا گیا تھا۔ چونکہ اب یہ چیرٹی واک فور پیس کے نام سے ایک ’’رجسٹرڈ چیرٹی‘‘ کے طور پر واک منعقد کر رہی ہے اس لئے امسال مجلس انصار اللہ یوکے نے کوشش کی تھی کہ اس واک میں زیادہ سے زیادہ دوسری چیرٹیز اور غیر از جماعت افراد اب بھی شامل ہوں۔ اس حوالہ سے سیّدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے ایک خصوصی پر وموشنل پمفلٹ شائع کیا گیا تھا جس کی ڈیزائننگ میں یہ خیال رکھا گیا تھا کہ وہ غیروں اور خصوصاً یوکے میں قائم دیگر چھوٹی چیرٹیز کی توجہ کا مرکز بنے۔ دو لاکھ کی تعداد میں یہ پمفلٹ شائع کرنے کے بعد یوکے بھر میں انصار کے ذریعہ تقسیم کیا گیا۔
اس کے علاوہ مقامی طور پر چیرٹی واک ڈنر کا انتظام کیا گیا جس میں لوکل ممبران پارلمینٹ ،میئرز ، کونسلرز اور 42 لوکل چیرٹیز کو دعوت دی گئی۔ اس پروگرام میں 195؍مہمان شامل ہوئے جن میں 42 چیریٹز کے نمائندگان شامل تھے۔ اس پروگرام کی صدارت مکرم چوہدری اعجاز الرحمن صاحب صدر مجلس انصاراللہ یوکے نے کی جبکہ اس اہم پروگرام کو کامیاب کرنے میں ایسٹ ریجن کے ناظمِ اعلیٰ مکرم مبشر صدیقی صاحب اور ان کی ٹیم نے خاص تعاون کیا۔
امسال واک کی پرموشن کے لئے مقامی اخبارات میں اشتہارات بھی شائع کروائے گئے۔ ان اخبارات میں ’’نیوہیم ریکارڈر‘‘، ’’گارڈین‘‘، ’’نیشن‘‘ اور ’’جنگ‘‘ وغیرہ شامل تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بہت سی چیرٹیز نے اپنی ویب سائٹ پر بھی اس واک کی پروموشن کی۔ اس کے علاوہ فیس بُک اور ٹویٹر کا بھی استعمال کیا گیا۔
گزشتہ سالوں کی وصولی کو دیکھتے ہوئے امسال پانچ لاکھ پاؤنڈ کاٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا۔ اس ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لئے چند نئے طریقے بھی استعمال کئے گئے جن میں سب سے مقبول میچ فنڈنگ ہے۔ اسی وجہ سے یوکے کی کم و بیش چیریٹیز نے حصہ لیا اور اپنے ذرائع سے ہمارے کولیکشن فارم پر نہ صرف فنڈز اکٹھے کئے بلکہ چیریٹی واک میں بھر پور طریقے سے شرکت کی اور اپنی چیریٹیز کے اسٹالز بھی لگائے۔
لوکل فنڈز کولیکشن کے لئے پچھلے سالوں میں اس مد میں نمایاں رقوم جمع کرنے والوں کے لئے ایک ڈنر کا انتظام کیا جس میں ملک بھر سے ایسے افراد کو مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر ان کو اس چیریٹی واک کی اہمیت اور فنڈز کولیکشن کی طرف توجہ دلائی۔
اس کے علاوہ صدر مجلس انصار اللہ کی طر ف سے تمام انصار کو خط لکھا گیا جس میں کولیکشن فارم کے علاوہ چیریٹی واک کے لیف لیٹس بھی بھجوائے گئے تاکہ انصار اپنے ہمسایوں سے رابطہ کر کے فنڈز اکٹھے کر سکیں۔اس کے علاوہ فنڈز کولیکشن بذریعہ ٹیکسٹ میسجینگ اور Just Giving Account کے ذرائع کو بھی استعمال کیاگیا۔
چیریٹی واک والے دن بھی شعبہ مال نے سٹال لگا یا ہوا تھاجس پر واک میں شامل ہونے والے بہت سے احباب نے فنڈز جمع کروائے ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس موقع پر 2 لاکھ پاؤنڈز کی collection ہوئی۔
امسال کی واک چونکہ پبلک مقام پر منعقد ہورہی تھی اس لئے انصار اور غیر از جماعت مہمانوں کی حاضری کو بڑھانے کے لئے ایک علیحدہ نظامت بنا ئی گئی تھی ۔ اس نظامت کے ممبران نے تمام انصار سے ٹیلی فون کے ذریعہ رابطہ کیا۔ اسی طرح انصار کی سہولت کے لئے تمام ریجنز سے ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی کیا گیا۔ ان تمام کوششوں کے وجہ سے اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجموعی طور پر 2583؍افراد نے اس واک میں شرکت کی۔ نیز 500 سے زائد مقامی کمیونٹی اور چیرٹیز کے نمائندگان بھی شامل ہوئے جو ایک ریکارڈ ہے۔
واک کے مقام پر مختلف سٹالز لگائے گئے تھے جن میں سٹالز برائے رجسٹریشن، استقبالیہ، فرسٹ ایڈ، فنڈز کولیکشن، ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے علاوہ مختلف چیرٹیز کے سٹالز شامل تھے۔
رجسٹریشن کا آغاز 29مئی 2016ء کی صبح 8 بجے کیا گیا ۔ Online رجسٹریشن کروانے والوں کے لئے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔نیز ٹرانسپورٹ کوچز کے اندر بھی رجسٹریشن کروانے کا اہتمام کیا گیا تھا تاکہ رجسٹریشن کاؤنٹرز پر رَش نہ ہو۔
تقریباً 11 بجے افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد نیوہیم کے میئر سر رابن ویلز اورایسٹ ہیم رُکن پارلیمنٹ سٹیفن ٹیمز نے خطاب کیا، آخر پر مکرم امیر صاحب نے چیرٹی واک برائے امن کا تعارف کروایا اور دعا کے ساتھ واک کا آغاز کروایا۔ افتتاحی تقریب میں بہت سے میئرز،ممبران پرلمینٹ اور کونسلرزنے بھی شرکت کی۔
امن کے حوالہ سے منعقد ہونے والی اِس چیریٹی واک کے آغاز کے لئے تمام مہمانان (بلاتفریق مذہب، قوم، رنگ و نسل) سٹارٹنگ لائن پر آئے۔ اسی طرح واک کے اختتام پر بھی تمام شاملین کو میڈلز دینے کے لئے بھی یہ تمام مہمان موجود رہے اور اپنے ہاتھوں سے لوگوں کو میڈلز پہنائے۔
امسال اہم بات یہ بھی تھی کہ میچ فنڈنگ سکیم کی وجہ سے بہت سی چھوٹی مقامی چیریٹیز کو شامل ہونے کا موقع ملا۔ ان چیریٹیز نے فنڈز بھی اکٹھے کیے اور اپنی چیریٹیز کے سٹالز بھی لگائے جس پر لوگوں نے بہت دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس سال مجموعی طور پر 47 چیریٹیز شامل ہوئیں جن میں Food Bank, Fair Share, Diabetes UK, Rainbow Trust, War Child اور Action for Children وغیرہ شامل تھیں۔
اس موقع پر کھانے کی تیاری کے لئے قیادت ایثار کی ضیافت ٹیم ایک دن پہلے ہی ایسٹ لندن میں اپنے تمام سامان کے ساتھ ایسٹ لندن شفٹ ہو گئی تھی۔ اللہ تعا لیٰ کے فضل سے واک میں شریک تمام احباب کو بروقت کھانا مہیا کیا گیا ۔ کھانا پیش کرنے کے لئے مسجد فضل لندن کے ریجن سے 73 انصار نے مسلسل سات گھنٹے کام کیا۔ اس دوران ڈائننگ ہال کی سیٹنگ سے لے کر اس کی صفائی تک بہت مستعدی سے اپنا فرض ادا کیا۔ نیز تمام معزز مہمانوں کے لئے بھی کھانے کا علیحدہ انتظام تھا۔ نیز واک کے شرکاء کے لئے ہر میل کے فاصلہ پر ریفریشمنٹس کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
واک کے اختتام پر ہال میں ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ نے کی ۔ اس تقریب میں بھی مہمانوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔
اللہ تعالیٰ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے مساعی کرنے والے تمام افراد کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں