محترم شیخ عمر جاوید صاحب شہید

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 30 دسمبر 2010ء کی خبر کے مطابق محترم شیخ عمر جاوید صاحب آف مردان کو 23 دسمبر 2010ء کی شام اُس وقت فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا جب آپ اپنی دکان سے گھر واپس آرہے تھے۔ اس سانحہ میں آپ کے والد مکرم شیخ جاوید احمد صاحب اور چچازاد بھائی مکرم شیخ یاسرمحمود صاحب زخمی بھی ہوئے۔
محترم شیخ عمر جاوید صاحب 24 جولائی 1983ء کو مردان شہر میں پیدا ہوئے اور وہیں پرورش پائی۔ 2002ء میں F.Sc کی۔ اس سے پہلے سے آپ اپنے والد کے الیکٹرانکس کے کاروبار میں ہاتھ بٹانے لگے تھے۔ آپ اپنے کاروبار میں وسیع تجربہ رکھتے تھے اور کاروباری حلقہ میں بہت معروف تھے۔ آپ خدام الاحمدیہ میں ناظم مال اور ناظم خدمت خلق رہے۔ بوقت شہادت محاسب تھے۔ ایک فعال کارکن تھے اور فری میڈیکل کیمپس کے انتظامات میں پوری طرح شامل ہوتے تھے۔
شہید مرحوم بہت سی خوبیوں کے مالک تھے۔ دل کے نرم تھے، دوستی اور ہمدردی میں بہت نمایاں تھے۔ صفائی پسند، منکسرالمزاج اور خوش اخلاق تھے۔ خلافت کے فدائی تھے۔ نمازوں کا التزام کرتے۔ کچھ عرصہ قبل آپ کی دکان میں بم دھماکہ سے مالی نقصان بھی کیا گیا تھا۔
آپ کی شادی مارچ 2010ء میں ہوئی تھی شہادت کے وقت آپ کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع تھی۔ آپ کی والدہ عابدہ جاوید صاحبہ، ایک بھائی اور ایک ہمشیرہ بھی پسماندگان میں شامل ہیں۔
شہید مرحوم کی تدفین ربوہ میں ہوئی۔ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خطبہ جمعہ 24 دسمبر میں آپ کے اوصاف بیان فرمائے اور نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں