مختلف جسمانی دردوں کے حوالے سے کچھ حقائق – جدید تحقیق کی روشنی میں

مختلف جسمانی دردوں کے حوالے سے کچھ حقائق – جدید تحقیق کی روشنی میں
(فرخ سلطان محمود)

٭ طبی ماہرین نے کہا ہے تنگ اور چست جینز پہننے سے اعصابی نظام کی شکست و ریخت کے امراض میں اضافہ ہورہا ہے۔ امریکہ اور یورپ میں ہونے والے ایک سروے کے دوران طبی ماہرین نے دیکھا کہ خاص طور پر خواتین تنگ جینز پہننے کی وجہ سے اس مرض کا تیزی سے شکار ہورہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اعصابی نظام میں خلل سے روزمرہ زندگی کی مصروفیات میں رکاوٹوں کی شرح میں اضافہ، نیند اور کھانے پینے کے مسائل، جِلدی بیماریاں، ٹانگوں میں درد اور دیگر امراض جنم لیتے ہیں۔
٭ جرنل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی ایک طبّی تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ سر درد کی درجنوں اقسام، اُن کے دورانیئے، اوقات کار اور وجوہات کو پیش نظر رکھتے ہوئے معلوم ہوا ہے کہ آکسیجن گیس کے طریقۂ علاج سے صرف پندرہ منٹ میں سر درد کی مختلف اقسام کو 78 فیصد تک دُور کیا جاسکتا ہے اور اِس طریقۂ علاج کے مضر اثرات بھی سامنے نہیں آئے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ آکسیجن تھراپی کے ذریعے سردرد کی مختلف اقسام کا مکمل علاج ممکن ہے اور اس کے کرنے سے مریض کو درد کے لئے استعمال کی جانے والی مختلف ادویات سے نجات مل سکتی ہے۔
٭ کمر درد دور کرنے کیلئے گھوڑے کی سواری بہتاین ثابت ہوئی ہے۔سویڈن میں کئے جانے والے تجربات میں 24 کمر درد کے مریضوں کو گھوڑسواری سے آفاقہ حاصل ہوا ہے۔جرنل آف باڈی ورک اینڈ موومنٹ تھراپی میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کمر درد کیلئے گھوڑے کی سواری بغیر دوا کے ایک بہترین نسخہ ثابت ہواہے۔ طبی ماہرین نے دوران تجربات جسم کے دیگر دورواں کو دور کرنے کیلئے کوشش کی مگر سب سے زیادہ افاقہ کمر درد اور ٹانگوں کے درد کے درد میں ہوا۔طبی ماہرین نے کہا ہے کہ اس تحقیق میں گھوڑے کی حرکات اور انسانی جسم کی حرکات میں اس تعلق کو ڈھونڈا جارہا ہے جس کی وجہ سے درد دور کرنے میں مدد ملی ہے۔
٭ سویڈن اور امریکہ میں کی جانے والی ایک تحقیق کے بعد بتایا گیا ہے کہ سونے سے قبل موبائل فون پر بات چیت کرنا شب بیداری اور کمزور نیند کا سبب بنتا ہے کیونکہ موبائل فون سے خارج ہونے والی ریڈی ایشنز سے نیند کی کمی، سر درد اور تفکر یعنی سوچ بچار کی قوت میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔
٭ ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت ہونے والی ایک عام دوا پیراسیٹامول جو پیناڈول اور ٹائلے نول کے علاوہ بہت سے دیگر ناموں سے بھی دستیاب ہے اور نیند لانے، نزلے اور فلو وغیرہ کے لئے عام دستیاب دو سو سے زائد دواؤں میں بھی موجود ہوتی ہے، امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دوا جگر کے لئے انتہائی خطرناک ہے اور اسے ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت نہیں کیا جانا چاہئے۔ ماہرین کے مطابق لوگ اِس دوا کو پسند کرتے ہیں کیونکہ یہ دیگر دواؤں کی نسبت درد دور کرنے میں زیادہ مؤثر ہے، معدے پر اثر نہیں ڈالتی اور عمومی طور پر اِس کے زیادہ مضر اثرات بھی نہیں ہوتے، لیکن اِس دوا کا زیادہ استعمال جگر کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے حتّٰی کہ اس سے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں