مکرم قریشی سعید احمد صاحب اظہر

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 10 ستمبر 2005ء میں مکرم محمود احمد قریشی صاحب اپنے تایازاد بھائی مکرم قریشی سعید احمد صاحب اظہر مربی سلسلہ کا ذکر خیر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ آپ حضرت ماسٹر محمد علی صاحب اظہرؓ کے سب سے چھوٹے بیٹے تھے۔ قادیان میں 1930ء میں پیدا ہوئے۔ مڈل کے بعد 1945ء میں مدرسہ احمدیہ میں داخل ہوگئے۔ قیام پاکستان کے بعد پہلا سال آپ مدرسہ احمدیہ کے ساتھ ساتھ لاہور، چنیوٹ اور احمدنگر میں منتقل ہوتے رہے۔ پھر جون 1948ء تا اکتوبر 1948ء آپ نے بطور فرقان فورس میں خدمات سرانجام دیں اور تمغہ خدمت حاصل کیا۔ 1951ء میں مولوی فاضل کا امتحان پاس کیا۔ اس کے بعد جامعۃالمبشرین سے شاہد کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد میدان عمل میں قدم رکھا اور لمبا عرصہ فیصل آباد اور شیخوپورہ میں خدمت بجالاتے رہے۔ بیرون پاکستان نائیجیریا، یوگنڈا اور کینیڈا میں بھی خدمت دین سرانجام دینے کا موقع ملا اور یہ تمام عرصہ انہوں نے بہت صبر و تحمل کے ساتھ اہل وعیال کے بغیر گزارا۔ بعد ازاں مرکز سلسلہ میں بطور نائب ناظر مال آمد تندہی سے خدمات سر انجام دیں۔ 1968ء میں نظام وصیت میں شمولیت کی توفیق پائی۔ آپ مخلص، منکسرالمزاج، حلیم الطبع، عمدہ اخلاق اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک تھے۔ نرم خُو تھے۔ صفائی اور اچھا لباس پہننے کا شوق تھا۔ خلافت سے بے حد محبت تھی۔
کینسر جیسی موضی مرض کا دو سال تک بڑے صبر سے مقابلہ کرتے رہے۔ 6جون 2005ء کی صبح وفات پائی۔ پسماندگان میں ایک بیوہ (جو محترم مولانا محمد یعقوب صاحب طاہر کی بیٹی ہیں)، دو لڑکے اور دو لڑکیاں چھوڑی ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں