مکرم محمد شاہد صاحب شہید

الفضل 9ستمبر2010ء میں مکرم محمد انور صاحب کے قلم سے مکرم محمد شاہد صاحب (شہید لاہور) کا ذکرخیر شامل اشاعت ہے۔
مکرم محمد شاہد صاحب ابن مکرم محمد شفیع صاحب کا آبائی تعلق کوٹلی آزاد کشمیر سے تھا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مورخہ 11جون 2010ء کے خطبہ جمعہ میں شہید مرحوم کا بھی ذکر خیر فرمایا۔
آپ اپنے والدین کے بڑے بیٹے تھے۔ نہایت فرمانبردار، والدین کی خدمت کرنے والے اور حسن اخلاق کے مالک تھے۔ خدمت دین کا بھرپور جذبہ رکھتے اور چندے بروقت ادا کرتے۔ شہادت کے وقت بھی جیب سے پچاس روپے کی صدقہ کی رسید نکلی۔ اپنے حلقہ میں نائب زعیم کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ خدمت خلق کی ڈیوٹیاں بڑے شوق سے دیتے۔ 28مئی 2010ء کو ان کے بھائی نے نماز جمعہ پر ڈیوٹی کے لئے جانا تھا لیکن آپ نے کہا کہ اس جمعہ کو مَیں جاؤں گا، تم اگلے جمعہ کو چلے جانا۔ اس طرح آپ محراب کے ساتھ محترم امیر صاحب ضلع لاہور کے قریب ڈیوٹی دیتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
شہید مرحوم نے اپنے پیچھے والدین کے علاوہ چار بھائی اور ایک بہن سوگوار چھوڑے ہیں۔ آپ کی والدہ کہتی ہیں کہ میرا بیٹا سب بیٹوں سے اچھا اور بہت سی خوبیوں کا مالک تھا اور واقعتہً اس لائق تھا کہ وہ اللہ کے حضور قربانی کے لئے پیش کیا جائے۔ آپ کے والد محترم نے بتایا کہ میرابیٹا بہت اطاعت گزار اور شریفانہ زندگی بسر کرنے والا تھا اور ہر ایک سے بہت احترام سے پیش آتا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں