مکرم مظفر احمد منصور صاحب

35 سال تک خدمات سلسلہ بجالانے والے مکرم مظفر احمد منصور صاحب مربی سلسلہ ابن مکرم چوہدری انور علی صاحب مرحوم مورخہ 9؍اکتوبر 2009ء کی صبح اٹک شہر میں بعمر 60 سال وفات پاگئے۔ روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 14 اکتوبر 2009ء میں آپ کی وفات کی خبر شائع ہوئی ہے۔
آپ یکم جولائی 1949ء کوسدوکی ضلع گجرات میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 11جون 1961ء کو زندگی وقف کر کے جامعہ احمدیہ میں داخلہ لیا۔ یکم مئی 1974ء کو میدان عمل میں قدم رکھا۔ ترگڑی ضلع گوجرانوالہ، ایبٹ آباد اور کراچی میں خدمات بجالانے کے بعد 28جون 1982ء کو آئیوری کوسٹ بھجوائے گئے جہاں کچھ عرصہ امیر و مشنری انچارج بھی رہے۔ فروری سے دسمبر 1989ء تک بورکینا فاسو میں خدمات بجالانے کے بعد پاکستان واپس آئے۔ بعدہٗ نظارت دعوت الی اللہ کے علاوہ متعدد مقامات پر بطور مربی سلسلہ خدمات سر انجام دیں۔ اپریل 2002ء سے تاوقت وفات مربی سلسلہ ضلع اٹک کے طور پر خدمت بجا لارہے تھے۔
آپ نہایت خوش مزاج، نیک سیرت، ملنسار اور ہنس مکھ انسان تھے۔ خلافت احمدیہ کے ساتھ والہانہ محبت و عشق کا تعلق تھا۔ مہمان نواز، غریبوں کے ہمدرد اور ان کے ساتھ شفقت کا سلوک کرنے والے تھے۔ لوگوں کے ساتھ گھل مل کر رہتے اور حلقہ احباب میں ہردلعزیز تھے۔ مرحوم نے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
بوجہ موصی ہونے کے آپ کی تدفین بہشتی مقبرہ ربوہ میں عمل میں آئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں