مکرم میاں لئیق احمد طارق صاحب شہید

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ یکم جون 2009ء کے مطابق مکرم میاں لئیق احمد طارق صاحب ابن مکرم میاں محمد یعقوب صاحب مرحوم آف پیپلز کالونی فیصل آباد کو 28؍مئی کی شام غلہ منڈی سے گھر واپس آتے ہوئے شہید کردیا گیا۔ گھر کے قریب ہی کار میں سوار تین افراد نے آپ پر شدید فائرنگ کر کے زخمی کردیا اور اگلی صبح آپ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ آپ کی عمر 54سال تھی۔ میت ربوہ لائی گئی۔ آپ موصی تھے اور امانتاً قبرستان عام میں تدفین ہوئی۔
آپ چاولوں کی تجارت کرتے تھے۔ جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے اور پندرہ بیس سال سے سیکرٹری جائیداد جماعت احمدیہ فیصل آباد چلے آرہے تھے۔ مختلف اوقات میں حلقہ پیپلزکالونی کے صدر جماعت بھی رہے۔ بہت دیانتداری کے ساتھ کام کرنے والے اور امانت کو ادا کرنے والے تھے۔احمدیہ قبرستان فیصل آباد کے لئے خصوصی خدمات سر انجام دیں۔ آپ بہت سادہ طبیعت اور محبت کرنے والے تھے خاموشی سے کام کرتے تھے خلافت کی محبت ہر گفتگو میں عیاں تھی۔ غریبوں کے ہمدرد تھے۔ رفاہی کاموں میں حصہ لیتے۔ واقفین سلسلہ اور عہدیداران سے بہت محبت کا سلوک کرتے تھے۔اپنوں اور غیروں میں ہر دلعزیز شخصیت کے مالک تھے۔ میڈیکل کیمپس لگانے اور غریبوں کی مدد کرنے والے تھے۔ مالی قربانی میں بہت آگے تھے۔ صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے۔ آپ نے سوگواران میں والدہ محترمہ خورشید بیگم صاحبہ بعمر 75سال، اہلیہ ، تین بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں