میرا الفضل
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ کے صدسالہ جوبلی سوونیئر 2013ء میں مکرم ڈاکٹر مطیع اللہ درد صاحب (لندن) رقمطراز ہیں کہ 10؍ستمبر1934ء کو برکت اللہ صاحب کے ہاں پیدا ہونے والے بچے کی پیدائش کی خبر ایک ہفتے بعد الفضل میں شائع ہوئی۔ حضرت مصلح موعودؓ نے نام مطیع اللہ عطا فرمایا تھا۔
بہت بچپن سے ہی مَیں نے الفضل کو پڑھنا شروع کردیا تھا یعنی مَیں 75؍سال سے الفضل کا قاری ہوں۔ گو دیگر ذرائع ابلاغ بھی ترقیاتِ زمانہ کے ساتھ معرض وجود میں آتے رہے ہیں لیکن جو مقام اور عظمت الفضل نے میرے دل و دماغ میں بٹھائی ہے وہ کسی اَور کی نہیں ہوسکی۔ اب بھی جب تک الفضل پڑھ نہ لوں ایک بےچینی سی رہتی ہے۔ مختلف ممالک مثلاً فجی، نیوزی لینڈ، برطانیہ وغیرہ میں رہائش کے دوران تبلیغ اور تربیت کے کاموں میں یہ ہمیشہ میرا ممد رہا ہے۔ تاریخ احمدیت محفوظ کرنے میں الفضل کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ دنیابھر کے احمدیوں کو ایک دوسرے کے حالات سے باخبر رکھتا ہے گویا ہم سب ایک ہاتھ پر اکٹھے ہیں۔
