اپنا وزن کم کیجیے – جدید تحقیق کی روشنی میں

اپنا وزن کم کیجیے – جدید تحقیق کی روشنی میں
(عبادہ عبداللطیف)

اگر آپ اپنے وزن کو قابو میں رکھنے کی کوشش کررہے ہیں تو پھر آپ کو بھوکا رہنے یا کھانے سے ہاتھ کھینچنے کی بجائے زیادہ کھانے کی ضرورت ہے یعنی اپنی خوراک میں زیادہ سے زیادہ اچھی غذائیں شامل کرنے سے نہ صرف یہ کہ غذاسے محرومی کا احساس کم ہوگا بلکہ پیٹ بھی بھرے ہوئے ہونے کے باعث غیرضروری کھانے پینے سے اجتناب برتنے میں آسانی رہے گی۔
اس مقصد کے لئے جن غذاؤں کے استعمال کا مشورہ ماہرین نے دیا ہے، اُن میں سب سے پہلے پالک ہے جس کے کھانے سے نہ صرف ہڈیوں کے بھربھرے پن کی بیماری یعنی اوسٹیو پوروسس کے خطرے سے دُور رہا جاسکتا ہے بلکہ ا س سے کولیسٹرول کی سطح میں بھی کمی واقع ہوتی ہے اور IQیعنی ذہانت کی سطح بھی بلند ہوتی ہے ۔ پالک میں وٹامن kکے علاوہ کیلشیم اور میگنیشیم جیسی معدنیات شامل ہیں۔اور flavonoids یعنی سبزیوں اور پھلوں سے حاصل ہونے والے وہ مادے جو اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر کام کرتے ہیں، اُن کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو چھاتی، معدے، جلد اور بیضہ دانی کے سرطان سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ پالک وٹامن ’A‘اوروٹامن’C‘کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے اور نزلہ زکام سے محفوظ رکھنے کے علاوہ شریانوں میں جمنے والے چربیلے مادوں کو دُور کرنے میں بھی فائدہ مند ہے۔ پالک کے استعمال سے بڑھاپے میں دماغی صلاحیتیں متاثر نہیں ہوتیں۔ اور سائنسی جائزوں میں دیکھا گیا ہے کہ جو لوگ روزانہ تھوڑی سی پالک کھاتے ہیں، ان کی سیکھنے اور عضلات کو حرکت دینے کی صلاحیتیں بہتر ہوجاتی ہیں ۔
اس رپورٹ میں انڈوں کے فوائد بھی بیان کئے گئے ہیں اور بتایا گیا ہے کہ چند سال پہلے تک یہ خیال کیا جاتا تھا کہ انڈوں میں چکنائی اور کولیسٹرول کی زیادتی ہوتی ہے اور اسی لئے بہت سے افراد زردی نکال کر صرف سفیدی کھانا پسند کرتے تھے۔ تاہم تحقیق میں اس بات کے بہت کم شواہد ملے ہیں کہ غذائی اشیاء میں موجود کولیسٹرول کا، خون میں موجود کو لیسٹرول کے ساتھ کوئی براہ راست تعلق ہوتا ہے۔ چنانچہ اِس انکشاف کے بعد انڈے کو مکمل غذا کے طور پر تسلیم کیا جانے لگا ہے۔ کیونکہ انڈا پروٹین کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے اور اگر زردی سمیت پورا انڈا کھایا جائے تو اس میں آٹھوں امینو ایسڈز موجود ہوں گے۔
پھر اِس رپورٹ میں بلیوبیریز کا ذکر کرتے ہوئے ٹفٹس یونیورسٹی کے ماہرین کا حوالہ دیا گیا ہے جنہوں نے ساٹھ پھلوں اور سبزیوں کا جائزہ لینے کے بعد کہا ہے کہ نیلے رنگ کی بیریز میں اینٹی آکسیڈنٹس کی جتنی مقدار پائی جاتی ہے، اتنی دوسرے پھلوں اور سبزیوں میں نہیں پائی جاتی۔ عمل تکسید کو روکنے والے یہ اینٹی آکسیڈنٹ مادے السر کے علاوہ موتیا اُترنے اور کالے پانی جیسی آنکھوں کی بیماریوں سے بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں، نیز امراض قلب اور مختلف اقسام کے کینسرز کے خطرات میں کمی لاتے ہیں۔ جبکہ ان کے استعمال سے کولیسٹرول کی سطح بھی کم ہوجاتی ہے۔ یہ مادے دماغ کو بڑھاپے کے اثرات سے بھی محفوظ رکھتے ہیں جس سے یادداشت تیز رہتی ہے اور مخبوط الحواسی نیز الزائمر کے لاحق ہونے کے امکانات میں خاطرخواہ کمی واقع ہوتی ہے۔
اس رپورٹ میں بعض دیگر خوراکوں کے علاوہ سیب کا بھی خصوصیت سے ذکر کیا گیا ہے۔ جس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ سیب میں حل پذیر مادوں کے علاوہ غیرحل پذیر ریشے بھی موجود ہوتے ہیں جن سے ایک طرف تو پیٹ بھرنے کا احساس نمایاں ہوتاہے تو دوسری طرف کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ حتّٰٔی کہ بعض ڈاکٹر مرغن یا چکنائی والی غذا کھانے کے بعد سیب کا جوس پینے کی بھی سفارش کرتے ہیں تاکہ مرغن غذا کے جسم پر مرتّب ہونے والے منفی اثرات کو کم کیا جاسکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں