وزن کم کرنے کے چند ٹوٹکے – جدید تحقیق کی روشنی میں

وزن کم کرنے کے چند ٹوٹکے – جدید تحقیق کی روشنی میں
(محمود احمد ملک)

٭ جاپان میں کی جانے والی ایک تحقیق کے بعد بتایا گیا ہے کہ وزن کم کرنے کے لئے ناشتے میں کیلوں کا استعمال کیا جانا چاہئے۔ یعنی ناشتے میں اُتنے کیلے کھالیں جتنا آپ کا جی چاہے اور ساتھ میں مشروب کے طور پر کمرے کے درجہ حرارت پر رکھا ہوا پانی پی لیں۔ دوپہر اور رات کا کھانا اپنی پسند کے مطابق کھائیں لیکن چند شرائط کے ساتھ۔ پہلی شرط یہ کہ کوئی میٹھی چیز نہ کھائیں اور دوسری یہ کہ رات کا کھانا شام آٹھ بجے سے پہلے کھالیں۔ اور تیسری بات یہ ہے کہ Snacks کے نام پر وقتاً فوقتاً کھانے پینے سے گریز کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس غذائی پروگرام پر عمل کرنے سے جسم میں میٹابولزم کا عمل تیز ہوجائے گا اور چند ہی ہفتوں میں وزن میں خاطر خواہ کمی محسوس کی جاسکے گی۔
٭ ایک رپورٹ میں وزن کم کرنے کی خواہش رکھنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بھوک پر قابو پانے کے لئے کھانا کھانے کی بجائے سوپ پینا شروع کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مرغی اور سبزی کے ساتھ پانی کا ایک گلاس پینے سے نسبتاً جلدی بھوک ستانے لگے گی لیکن اگر یہی چیزیں مِکس کرکے آپ سوپ بنالیں تو بھوک مزید کچھ گھنٹوں کے لئے ٹالی جاسکتی ہے۔ عام غذا اور سوپ کے استعمال کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اِس فرق کو معلوم کرنے کے لئے ماہرین نے الٹراساؤنڈ اور MRI سکیننگ کے ذریعے مختلف لوگوں کے معدوں کا جائزہ لیا اور بتایا کہ ٹھوس غذا لینے کی صورت میں معدہ غذا کو اُس وقت تک روکے رکھتا ہے جب تک کہ غذا ہضم کرنے والے خامرے اس میں شامل نہ ہوجائیں لیکن علیحدہ پیا جانے والا پانی کسی رکاوٹ کے بغیر معدے سے گزرتا ہوا آنتوں میں پہنچ جاتا ہے۔ چنانچہ پانی پینے سے پیٹ کے بھرے ہونے کا احساس بیدار نہیں ہوتا۔ لیکن جب وہی غذا سوپ کے طور پر استعمال کی جاتی ہے تو یہ آمیزہ معدے میں موجود رہتا ہے اور اس طرح زیادہ دیر تک پیٹ کے بھرے ہونے کا احساس قائم رہتا ہے۔
٭ طبی ماہرین نے زیادہ وزن رکھنے والے افراد کو روزانہ سبزیوں کو جوس پینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف سبزیوں کا جوس ایک دن میں جتنا وزن کم کرتا ہے اس کی شرح گولیوں، قہوے اور دیگر ادویات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ 12 ہفتے تک روزانہ مختلف اوقات میں 8اونس سبزیوں کا جوس پینے سے 4پونڈ تک وزن کم کیا جاسکتا ہے۔ اس تحقیق کو مکمل کرنے والے ڈاکٹر کارل ایل کین کے مطابق سبزیوں کا جوس موٹے افراد کی بھوک کو کنٹرول کرنے اور وزن کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ تحقیق یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں مکمل ہوئی ہے جس میں 81 موٹے افراد پر تجربات کئے گئے تھے۔ اس دوران ان افراد کا کولیسٹرول لیول، وزن اور بلڈشوگر لیول مسلسل چیک کیا جاتا رہا اور اِسی بنیاد پر اِس مطالعے کے نتائج مرتب کئے گئے۔
٭ بچوں‌میں‌وزن کنٹرول کرنے کے حوالے سے ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو بچے روزانہ چکنائی سے بھرپور دودھ پیتے ہیں اُن کا وزن نہ صرف اُن بچوں کی نسبت کم ہوتا ہے جو کبھی کبھار ہی دودھ پیتے ہیں۔ بلکہ روزانہ چکنائی والا دودھ پینے والے بچوں کا وزن اُن بچوں کی نسبت بھی چار کلوگرام کم پایا گیا ہے جو کم چکنائی والا یا بغیر چکنائی والا دودھ استعمال کرتے ہیں۔ ماہرین کو اِس مطالعے کے نتائج کی حتمی وجوہات کا ابھی علم نہیں ہوسکا۔
٭ امریکہ کے ماہرین غذا نے کہا ہے کہ اوائل عمری میں خالص جوس پینے والے بچے موٹاپے کا شکار نہیں ہوتے۔ حال ہی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی محققین نے دو سے گیارہ سال کی عمر کے 3618 بچوں کا جوس پینے اور ان کے وزن میں اضافے یا موٹاپے میں مبتلا ہونے کے حوالے سے مطالعاتی جائزہ لیا جس کے دوران پتہ چلا کہ تقریباً آدھا کپ روزانہ خالص جوس پینے والے بچے موٹاپے سے محفوظ رہتے ہیں۔ چنانچہ ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کو درکار غذائی ضرورتیں پوری کرنے کے لئے انہیں اعتدال سے پھلوں کا خالص جوس استعمال کروانا چاہئے جبکہ ان بچوں کو کھانے کے لئے دی جانے والی غذاؤں کو اُن غذاؤں میں موجود توانائی کے حراروں کو مدنظر رکھا جائے جبکہ بچوں کی روزمرہ سرگرمیوں میں کھیل کود اور ورزش کو بھی باقاعدہ بنایا جائے تو ان بچوں کے موٹاپے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
٭ لیکن اگر آپ مذکورہ بالا کسی بھی ٹوٹکے پر عمل کرنے کی بجائے دوائیں استعمال کرنے پر ہی مصر ہیں تو آپ کے لئے خوشخبری ہے کہ برطانیہ میں بھوک ختم کر کے وزن کم کرنے میں مدد کرنے والی نئی گولی فروخت کی جارہی ہے جسے سمندری کائی یعنی seaweed کے اجزاء سے تیار کیا گیا ہے۔ یہ گولی معدے میں پہنچ کر پھیل جاتی ہے اور معدے کے دیواروں میں موجود بھوک کے سینسرز کو متحرک کر دیتی ہے جس کی وجہ سے یہ سینسر دماغ کو معدے کے بھرے ہونے کا پیغام بھیج دیتے ہیں۔ یہ گولی مکمل ہضم ہونے سے قبل معدے میں تین تا چار گھنٹے پڑی رہتی ہے اور مسلسل بھوک کو دبائے رکھتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کم کلوریز کی حامل خوراک متحرک بھوک سینسرز کے ساتھ مل کر لوگوں کو کم خوراک کی عادی بنا دیتی ہے۔ اس گولی کے تجربات 139 فربہ اور زیادہ وزن کے حامل افراد پر کیے گئے تھے۔ تحقیق کے مطابق جن لوگو ں نے روزانہ تین وقت یہ گولیاں استعمال کرنے والوں نے 12ہفتوں میں اوسطاً ساٖڑھے نو کلو وزن کم کیا جبکہ یہ گولیاں استعمال نہ کرنے والوں کا وزن اوسطاً ساڑھے پانچ کلو کم ہوا۔ معدے میں گڑ بڑ پیدا کرنے کے علاوہ اس گولی کے کوئی اور مضراثرات نہیں ہیں ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں