پیٹروناس ٹاورز۔ ملائشیا

روزنامہ ’الفضل ربوہ ‘‘ 25جولائی 2012ء میں کوالالمپور میں تعمیر کئے جانے والے ملائشیا کی صنعتی ترقی کی علامت پیٹروناس ٹاورز کا تعارف شاملِ اشاعت ہے۔ 15؍اپریل 1996ء کو تکمیل کے بعد ان ٹاورز کو دنیا کی بلند ترین عمارت کہلانے کا اعزاز حاصل ہوا۔ لیکن 17؍اکتوبر 2003ء کو تائیوان میں تعمیر ہونے والا 1676 فٹ بلند ’’تائی پہیہ 101‘‘ (فنانشل سنٹر) بلند ترین عمارت بن گیا۔
آٹھ ملین مربع فُٹ زمین پر قائم پیٹروناس ٹاورز کی انڈرگراؤنڈ پارکنگ میں ساڑھے چار ہزار گاڑیاں کھڑی کرنے کی گنجائش ہے۔ دفاتر، شاپنگ سنٹرز اور تفریح کی جدید سہولتوں کے علاوہ مسجد، ملٹی میڈیا کانفرنس سنٹر، پٹرولیم میوزیم اور ایک سمفنی ہال (Symphony Hall) بھی اس عمارت کا حصہ ہیں۔
یہ ٹاورز آٹھ کونوں والے ستارے کی شکل میں تیار کی گئی بنیاد کے اوپر ستارے کی شکل میں ہی بلند ہوتے ہیں۔ 88 منزلہ دونوں ٹاورز کو 42ویں منزل پر ایک لچکدار سکائی برج کے ذریعے آپس میں ملایا گیا ہے۔ ان ٹاورز میں سٹیل اور شیشے کا کثرت سے استعمال کیا گیا ہے۔ سٹیل کا وزن قریباً 37 ہزار ٹن ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں