کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کے نقصانات سے بچیں – جدید تحقیق کی روشنی میں

کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کے جسمانی نقصانات سے بچیں – جدید تحقیق کی روشنی میں
(فرخ سلطان محمود)

٭ امریکن جرنل آف پریوینٹو میڈیسن ہیلتھ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک دہائی میں کمپیوٹر سے وابستہ امراض میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ چنانچہ نظر کی دھندلاہٹ، کہنی اور کلائی میں درد، کمر درد، اعصاب کا سُن ہونا اور اسی نوعیت کے دیگر امراض میں عالمی سطح پر 732 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جبکہ گھروں میں استعمال ہونے والے کمپیوٹرز سے امراض کی شرح میں 309 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اور ان امراض کا خاص طور پر نوجوان لوگ تیزی سے شکار ہورہے ہیں۔ اعدادو شمار کے مطابق ہر سال امریکہ میں کمپیوٹر سے متاثرہ 78ہزار مریضوں کو طبّی امداد دی جاتی ہے جن میں سے زیادہ تر دماغی مسائل میں مبتلا ہوتے ہیں۔ نیشنل چلڈرن ہسپتال کولمبیا کے مطابق 5 سال سے کم عمر بچوں میں بھی کمپیوٹر کا بڑھتا ہوا استعمال، اِن امراض میں مزید اضافہ کرسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر کو مختصر دورانئے کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہئے۔

٭ لیپ ٹاپ استعمال کرنے والوں کو ایک طویل تحقیق کے نتیجے میں متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے لیپ ٹاپ کا استعمال کم سے کم کردیں۔ اس تحقیق کے مطابق روزانہ ساڑھے پانچ گھنٹے لیپ ٹاپ کا استعمال بہت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے 13فیصد افراد اسے فرش پر رکھ کر، 29فیصد بستر میں اور 46فیصد اپنی گود میں رکھ کر استعمال کرتے ہیں۔ تاہم کسی بھی طرح سے استعمال کرنے والے افراد میں 57فیصد درد اور کھنچاؤ کے مریض بن گئے جن میں سے سات فیصد کا درد شدید تھا۔ جبکہ 21فیصد گردن میں درد اور کھنچاؤ، 21فیصد کندھے کے درد، 16 فیصد کلائی کے درد، 15 فیصد کمر کے درد اور 11 فیصد افراد آنکھوں میں سوزش اور تکلیف کا شکار ہوئے۔
برطانیہ میں Display Screen Equipment Regulations سے متعلقہ ادارے نے بھی صرف محدود وقت کے لئے ہی لیپ ٹاپ کے استعمال کی سفارش کی ہے کیونکہ اس کا ڈیزائن کئی خطرات کا حامل ہے۔ اُس کے مطابق لیپ ٹاپ کے استعمال سے اعصاب میں کھنچاؤ پیدا ہوتا ہے، گرمی خارج ہوتی ہے اور اس پر دیر تک کام کرنا آنکھوں کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔
٭ ایک رپورٹ میں ’’امریکن جرنل آپرینٹو میڈیسن‘‘ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کمپیوٹر کے استعمال کی وجہ سے نوجوانوں میں آنکھوں اور کلائی کے درد بڑھ گئے ہیں جبکہ زخمی ہونے کے واقعات میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ تر وہ لوگ متأثر ہوئے ہیں جو گھروں میں کمپیوٹر استعمال کرتے ہیں۔ ان لوگوں کی نظر کمزور ہوئی ہے اور کلائی میں درد کی شکایات بھی بڑھ رہی ہیں اور بہت سے لوگ شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ نیشنل الیکٹرانک انجری سرویلنس سسٹم کے اعدادوشمار کی روشنی میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں گزشتہ چند سالوں کے دوران زخمی ہونے اور بیمار پڑنے کے 78ہزار واقعات ہوئے ہیں جن میں کمپیوٹر یا مانیٹرسے سر ٹکرا کر زخمی ہونے کے واقعات سب سے زیادہ ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں