کچھ مجھے تدبیر بتلا دو وصالِ یار کی — نظم
(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، روزنامہ ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ …فروری 2026ء)
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 10؍نومبر2014ء میں مکرم منظور احمد منظور صاحب بھیروی کی ایک نظم شامل اشاعت ہے ۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:

کچھ مجھے تدبیر بتلا دو وصالِ یار کی
ورنہ بچنے کی نہیں اُمید اس بیمار کی
مجھ کو حاصل ہو اسی میں دولتِ ہر دو جہاں
گر میسر ہو گدائی کوچۂ دلدار کی
مَیں نہ دشمن کا کروں شکوہ نہ قسمت کا گِلا
ہاں اسی پہ خوش ہوں جو مرضی مری سرکار کی
جنت و دوزخ کی مولا کچھ نہیں پروا مجھے
ہوں جہاں ہوتی رہے مجھ کو زیارت یار کی
لے گیا بازی تو دنیا سے وہ سلطان القلم
کیا حقیقت ہے مخالف آہنی تلوار کی

دیکھ کر دنیا نشانوں پر نشاں بےخوف ہے
آجکل دیکھو ہوئی کیا زار حالت زار کی
گالیوں پر اب اُتر آئے ہیں دشمن حیف ہے
جب کوئی صورت نظر آئی نہیں انکار کی
