2010ء میں وفات یافتہ چند مخلصین

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 7مارچ 2011ء میں مکرم محمد محمود طاہر صاحب کا مرتّبہ ایک مضمون شائع ہوا ہے جس میں 2010ء میں وفات پانے والے چند مخلصین کا ذکرخیر کیا گیا ہے۔ ذیل میں ان میں سے صرف اُن چند وفات یافتگان کا تذکرہ کیا جاتا ہے جو پاکستانی نہیں ہیں۔
مکرم الحاج محمد مطیع الرحمن صاحب
مکرم محمد مطیع الرحمن صاحب واقف زندگی ڈھاکہ 24؍جنوری 2010ء کو 70 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ آپ نے 1959ء میں بیعت کی تھی۔ محنتی اور پُرجوش مبلغ اور علمی مزاج کے مالک تھے۔ قرآن کریم کے بنگلہ ترجمہ میں بھی معاونت کی۔ بہت سی کتب تصنیف کیں اور کئی کتب کا اردو سے بنگلہ میں ترجمہ کیا۔ اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں یادگار چھوڑے۔ ایک بیٹے مکرم احمد طارق مبشر صاحب واقف زندگی مبلغ ان دنوں کارکن بنگلہ ڈیسک یوکے ہیں۔
مکرم مولوی محمد احمد صاحب درویش قادیان
مکرم مولوی محمد احمد صاحب کالاافغاناں درویش قادیان نے 17جون 2010ء کو 86 سال کی عمر میں وفات پائی اور قطعہ درویشاں بہشتی مقبرہ ربوہ میں تدفین ہوئی۔ آپ قادیان کے ابتدائی درویشوں میں شامل تھے۔ دیہاتی مربی کے طور پر یوپی میں بھی خدمت سرانجام دی۔ صدر انجمن میں بھی کارکن رہے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
مکرم مصطفی ثابت صاحب مصری
معروف فدائی خادم سلسلہ محترم مصطفی ثابت صاحب نے 74 سال کی عمر میں 5؍اگست 2010ء کو کینیڈا میں وفات پائی۔ آپ نے 1955ء میں بیعت کی تھی۔ 1971ء میں کینیڈا چلے گئے اور مختلف آئل کمپنیوں میں کام کرتے رہے۔ نیشنل سیکرٹری دعوت الی اللہ بھی رہے۔ انفاق فی سبیل اللہ بہت زیادہ کرتے۔ کئی کتب تصنیف کیں اور کئی کتب کے عربی میں تراجم کئے جن میں دیباچہ تفسیرالقرآن، Five Volume Commentary اور “Revelation, Rationality….” شامل ہے۔ MTA کے عربی پروگراموں میں نمایاں کردار ادا کیا۔ بائبل کا گہرا علم تھا۔ آخری بیماری میں بھی خدمت جاری رکھی۔ پہلی بیوی سے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ پہلی بیوی کی وفات کے بعد دوسری شادی بھی کی۔
مکرم موسیٰ رستمی صاحب آف کسووو
مکرم موسیٰ رستمی صاحب 5؍اگست 2010ء کو وفات پاگئے۔ بوسنیا میں خانہ جنگی کے دوران لندن میں حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ سے ملاقات کے بعد آپ احمدی ہوئے۔ 2000ء میں حضورؒ کے ارشاد پر کوسوو تشریف لے گئے اور دس سال وہاں صدر جماعت کے طور پر خدمت بجالائے۔ آپ کے گھر میں ہی جمعہ شروع ہوا۔تبلیغ کا بہت شوق تھا۔ پہلے مشن ہاؤس کی تعمیر میں انتھک محنت کی۔ نومبائعین کی تربیت کی بہت فکر رہتی۔ آپ کی تربیت کے زیراثر اکثر نومبائعین موصی ہیں اور تعلیم یافتہ ہیں۔ خلافت سے عشق تھا۔ حج کی توفیق بھی پائی۔
مکرم مہدی ٹپانی صاحب آف زمبابوے
مکرم مہدی ٹپانی صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ زمبابوے 15نومبر 2010ء کو 69 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ 1990ء میں احمدی ہوئے۔ آپ نے زمبابوے میں مسجد کی زمین خریدنے اور دفاتر کی تعمیر میں مدد کی۔ اہلیہ کے علاوہ پانچ لڑکے اور دو لڑکیاں چھوڑی ہیں۔
مکرم ڈاکٹر الحاج ابوبکر گائی صاحب آف گیمبیا
مکرم ڈاکٹر الحاج ابوبکر گائی صاحب وزیرصحت و سوشل ورک گیمبیا 2دسمبر 2010ء کو 70 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ آپ نے 1973ء میں ماسکو سے جنرل میڈیسن کی ڈگری حاصل کی۔ 1999ء سے 2004ء تک جماعت کے ہسپتال تالنڈنگ میں بطور ڈاکٹر خدمات بجالاتے رہے۔ 2004ء میں آپ نے بیعت کی۔ بہت مخلص، فدائی احمدی اور مستعد داعی الی اللہ تھے۔ بطور زعیم انصاراللہ بھی خدمت کی توفیق پائی۔ 2009ء میں وزیر مقرر ہوئے۔ آپ کی وفات پر پارلیمینٹ کے اجلاس میں مکرم امیر صاحب گیمبیا نے بھی تقریر کی۔ کسی بھی امیر جماعت کی گیمبیا کی پارلیمینٹ میں تقریر کا یہ پہلا موقع تھا۔ سرکاری پروٹوکول کے ساتھ تدفین ہوئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں