مچھلی کھانے کے فوائد – جدید تحقیق کی روشنی میں
مچھلی کھانے کے فوائد – جدید تحقیق کی روشنی میں
(فرخ سلطان محمود)
امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے جریدہ میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بعض اقسام کی مچھلیوں میں پائے جانے والے اومیگا 3 فیٹی ایسڈز بچوں میں پیدا ہونے والی ٹائپ وَن ذیابیطس کے خدشے کو 55فیصد تک کم کردیتے ہیں۔
اِس وقت تک دستیاب علاج کے نتیجے میں اگرچہ ٹائپ وَن ذیابیطس پر قابو پایا جاسکتا ہے لیکن یہ مرض پوری طرح قابل علاج پھر بھی نہیں ہے۔ نیز اس مرض کی وجوہات کا بھی پوری طرح علم نہیں ہے۔ تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ ماحولیاتی اور جینیاتی ، دونوں قسم کے اثرات کے نتیجے میں یہ مرض پیدا ہوتا ہے۔
اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی بھرپور مقدار جن مچھلیوں میں پائی جاتی ہے، اُن میں سارڈین، ٹونا اور سالمن شامل ہیں۔
اسی طرح ناروے کے ماہرین غذائیات نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ مچھلی کھانے والے لوگوں بالخصوص معمر افراد کو مختلف ذہنی بیماریوں اور یادداشت میں کمی کا عارضہ لاحق نہیں ہوتا۔ مچھلی میں اومیگا تھری کثرت سے پایا جاتا ہے جو دماغ کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ہے۔