تحریک جدید کا صد سالہ خلافت سوونیئر
تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان نے صدسالہ جشن خلافت کے حوالہ سے ایک ضخیم سوونیئر شائع کیا ہے۔ A4 سائز اور عمدہ کوالٹی کے 313 صفحات پر مشتمل یہ مجلہ نہایت دیدہ زیب ہے اور مواد، ترتیب، تزئین اور پیشکش کے حوالہ سے یقینا قابل تعریف ہے۔ بیک وقت پانچ زبانوں (اردو، انگریزی، عربی، فرانسیسی اور سپینش) میں پیش کئے جانے والے اس شاندار سؤونیئر کو تادیر محفوظ رکھنے کے لئے مضبوط جلد بھی کی گئی ہے۔
سوونیئر میں شامل سینکڑوں تصاویر میں سے اکثر نادر اور تاریخی ہیں۔ مواد اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں خلافت احمدیہ کی سو سالہ تاریخ کو نہایت عمدگی سے پیش کرنے کی حتی المقدور کوشش کی گئی ہے۔خلفائے احمدیت کی خلافت سے پہلے اور بعد کی زندگی کی نقاب کشائی بھی اس میں کی گئی ہے، خلافت کو درپیش بعض فتنوں اور اُن کے قلع قمع کے لئے خلفائے کرام کی دلیرانہ مساعی کا بھی ذکر ہے اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام و خلفائے کرام کے بعض نہایت پُرمعارف ارشادات سے اقتباسات بھی اس مجلہ کی زینت بنائے گئے ہیں۔ بعض اہم ممالک میں جماعت احمدیہ کے قیام اور ترقیات سے متعلق مختصر معلومات بھی پیش کی گئی ہیں نیز جماعت احمدیہ کی دنیابھر میں طبّی اور تعلیمی میدانوں میں خدمات کا بھی نہایت اختصار سے احاطہ کیا گیا ہے۔ اِس مجلہ میں شامل مضامین کا عمومی تأثر محض یہی ہے کہ اِس عظیم الشان جماعت کو خدا تعالیٰ نے اپنے فضل سے جس آسمانی قیادت سے نوازا ہے اُس کے طفیل ہر قسم کے مصائب اور ابتلاؤں سے نکال کر جماعت احمدیہ کو نئی فتوحات عطا فرمائی جاتی ہیں اور احمدیت کا ہر اگلا قدم پہلے سے زیادہ ترقیات سموئے ہوئے دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ آج اگر کسی کو آسمانی تائیدات کا زندہ نشان دیکھنا ہو تو خلافت احمدیہ کے ذریعے اُس کی یہ تمنا پوری ہوسکتی ہے۔
ایک قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ روایتی انداز سے ہٹ کر یہ سوونیئر مکمل طور پر پیشہ وارانہ آرٹسٹک بیک گراؤنڈ کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس نے ایک طرف تو اس مجلہ کو جاذب نظر بنادیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اکثر مقامات پر تحریر کا پڑھنا ایک مشکل امر بن گیا ہے کیونکہ لکھائی کا رنگ بیک گراؤنڈ کے رنگ سے گہری مطابقت رکھتا ہے۔
بلاشبہ یہ قیمتی دستاویز ذاتی لائبریری کی زینت بنانے کے ساتھ ساتھ اپنوں اور غیروں کو بطور تحفہ پیش کئے جانے کے بھی لائق ہے۔ اس میں شامل مضامین کا خلاصہ اور قیمتی تاریخی معلومات کو اختصار سے پیش کرنے کے لئے کئی صفحات درکار ہیں۔ تاہم ذیل میں حاصل مطالعہ کچھ انتخاب ہدیۂ قارئین ہے: