جزائر کُک (Cook Islands)

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ یکم فروری 2019ء)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6؍اکتوبر2012ء میں ایک مختصر معلوماتی مضمون بحرالکاہل میں موجود جزائر کُک کے بارہ میں شامل اشاعت ہے۔ جزیرہ آک لینڈ (نیوزی لینڈ) کے شمال مشرق میں اڑہائی ہزار کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع یہ آٹھ بڑے اور سات چھوٹے جزائر کا مجموعہ ہے۔ یہ جزائر 20 لاکھ مربع کلومیٹر کے علاقے میں پھیلے ہوئے ہیں جبکہ ان جزائر کا کُل رقبہ 290 مربع کلومیٹر اور آبادی قریباً 20 ہزار ہے۔ یہاں ہر سال قریباً دو لاکھ سیاح آتے ہیں جن کے لئے کچھ خوبصورت باغات اور بلندعمارتوں میں ہوٹل تعمیر کئے گئے ہیں۔
یہ جزائر قریباً دو ہزار سال قبل ہونے والی زمینی تبدیلی کے باعث وجود میں آئے تھے۔ ان جزائر کی سیاحت سب سے پہلے ہسپانوی اور پُرتگالی جہازرانوں نے کی۔ 1773ء میں برطانوی بحری کپتان جیمز کُک نے ان جزائر کو دریافت کیا اور اِنہیں Harvey Islands کا نام دیا۔ 1888ء میں اِن جزائر کو برطانیہ نے حاصل کرکے اپنے زیرحفاظت علاقہ قرار دے دیا اور ان کو کُک جزائر کا نام دیا۔ 1901ء میں یہ جزائر نیوزی لینڈ میں شامل کردئے گئے۔ اِن جزائر میں 1970ء میں پہلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنایا گیا۔ اس خطّہ کی اپنی حکومت اور اپنی زبان ہے البتہ ہر جزیرے کی ثقافت دوسرے سے یکسر مختلف ہے۔ ان جزائر میں بارشیں کثرت سے ہوتی ہیں لیکن عام طور پر موسم خوشگوار رہتا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں