حضرت بابو فضل الدین صاحبؓ
حضرت بابو فضل الدین صاحب 2؍فروری 1897ء کو سیالکوٹ میں حضرت میاں فیروزالدین صاحبؓ کے ہاں پیدا ہوئے۔ آپ کے پڑدادا حضرت میاں نظام الدین صاحب کو حضرت مسیح موعودؑ کے سیالکوٹ میں قیام کے دوران حضورؑ کے دینی مشاغل سے کسی حد تک واقفیت تھی چنانچہ جب حضورؑ نے دعویٰ فرمایا تو انہوں نے اپنے سب اہل خانہ کی طرف سے بیعت کا خط لکھ دیا۔ اس طرح اس خاندان کی چار پشتوں کو ’’اصحاب احمد‘‘ میں شمولیت کی سعادت عطا ہوئی۔
حضرت بابو فضل الدین صاحبؓ نے 1914ء میں میٹرک کا امتحان پاس کیا اور 1917ء میں چیف کورٹ (ہائی کورٹ) لاہور میں ملازمت اختیارکرلی۔ آپؓ لاہور کے سیکرٹری مال اور نگران بھی رہے۔ ہمیشہ امراء جماعت کے دست راست کے طور پر خدمت بجالاتے رہے۔تحقیقاتی عدالت کے سلسلہ میں جب حضرت مصلح موعودؓ نے وکلاء کی میٹنگ بلائی تو آپؓ بھی اس میں شامل تھے۔
آپؓ کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ آپؓ کے نزدیکی رشتہ داروں کو جو بغرض تعلیم لاہور آتے، آپؓ کے ہاں قیام و طعام کی سہولت حاصل رہتی۔ آپؓ کا مختصر ذکر خیر مکرم میاں مبارک علی صاحب کے قلم سے روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 5؍مئی 2003ء میں شامل اشاعت ہے۔