حضرت حاجی چودھری عبدالحمید خانصاحبؓ
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 4جولائی 2008ء میں مکرم منیب احمد صاحب نے اپنے دادا حضرت حاجی چودھری عبدالحمید خانصاحب کاٹھگڑھیؓ کا ذکرخیر کیا ہے۔
حضرت حاجی چوہدری عبدالحمید خانصاحب کاٹھگڑھی غالباً 1890ء میں کاٹھگڑھ ضلع ہوشیار پور میں پیدا ہوئے۔ آپ چوہدری غلام نبی خاں صاحب کے بیٹے اور چوہدری غلام احمد خانصاحب رئیس آف کاٹھ گڑھ کے بھتیجے تھے جنہیں 1910ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ نے انجمن راجپوتان ہند کا صدر مقرر کیا تھا۔ یہ سارا خاندان 1900ء میں احمدیت میں داخل ہوگیا تھا۔
حضرت حاجی صاحبؓ نے کسی سکول میں تو تعلیم حاصل نہ کی لیکن لکھنا اور پڑھنا جانتے تھے۔ آپ کبڈی کے اچھے کھلاڑی تھے اور بہت جفاکش اور بہادر تھے۔05-1904ء میں پہلی بار قادیان جاکر حضرت مسیح موعودؑ کی زیارت کی۔ آپؓ کو طاعون بھی ہوئی تھی۔ لیکن آپؓ نے کوئی علاج نہ کروایا لیکن خداتعالیٰ کے فضل سے بچائے گئے اور لمبی عمر پائی۔ 1947ء میں آپؓ ککی نو ضلع جھنگ میں رہنے کے بعد 1951ء میں ضلع خوشاب میں اپنی الاٹ شدہ زرعی زمین پر چلے گئے۔ زمین کو آباد کیا اور وہاں جماعت قائم کی اور کچھ عرصہ صدر جماعت بھی رہے۔ 1969ء میں آپؓ کو حج بیت اللہ کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔
آپ خلفاء احمدیت کی بے حد اطاعت کرتے تھے۔ بہت مہمان نواز اور غریب پرور تھے۔ تمام مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ آپ نے اپنی اولاد کی ہر طرح سے تربیت کی۔ ہمیشہ سرڈھانپ کر رکھنے کی تلقین کرتے تھے۔ آپ کے پانچ بیٹے اور چھ بیٹیاں تھیں۔ دو بیٹوں اور پانچ بیٹیوں کی وفات کا صدمہ بڑے صبر سے برداشت کیا۔ آپ کی وفات 18؍اپریل 1985ء کو گڑھ موڑ ضلع جھنگ میں ہوئی اور بوجہ موصی ہونے کے قطعہ صحابہ بہشتی مقبرہ ربوہ میں دفن ہوئے۔