سلسلہ احمدیہ کا پہلا اخبار ’’الحکم‘‘

1897ء اس لحاظ سے بھی جماعت احمدیہ کی تاریخ میں یادگار سال ہے جب ندائے آسمانی کی اشاعت کے لئے سلسلہ احمدیہ کے سب سے پہلے اخبار ’الحکم‘ کا اجراء حضرت شیخ یعقوب علی عرفانی صاحبؓ نے امرتسر سے فرمایا۔ آپؓ قبل ازیں مشہور ’پیسہ اخبار‘ اور ’فیروز‘ کے علاوہ بھی کئی اخبارات میں کام کرچکے تھے اور آپؓ کے زوردار قلم کی دھاک بیٹھی ہوئی تھی۔ آپؓ کا عظیم الشان کارنامہ حضرت مسیح موعودؑ کی اس دور کی تاریخ کو محفوظ کرنے کی کامیاب سعی کرنا ہے۔ چنانچہ آپؓ کو پہلا مؤرخ احمدیت ہونے کا شرف حاصل ہے۔
حضرت شیخ یعقوب علی عرفانیؓ نومبر 1875ء میں لدھیانہ میں پیدا ہوئے۔ 1889ء میں پہلی بار حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ فروری 1892ء میں لاہور میں بیعت کی سعادت حاصل کی۔اس وقت آپؓ باقاعدہ صحافت سے منسلک ہوچکے تھے۔ کئی اخبارات کے مدیر بھی رہے اور اگست 1897ء میں ہنری مارٹن کلارک کے مقدمہ کے حالات ’’جنگ مقدس‘‘ کے نام سے رقم کئے اور8؍ اکتوبر 1897ء کو امرتسر سے 16؍صفحات کا اخبار’الحکم‘ جاری کیا تاکہ جماعت اور حضرت اقدسؑ کے خلاف مخالفانہ خبروں کی تردید اور حضورؑ کے مؤقف کی ترجمانی صحیح طور پر ممکن ہو۔ … جنوری 1898ء میں حضرت عرفانی صاحبؓ نے مدرسہ احمدیہ کے لئے خود کو پیش کردیا اور قادیان آ بسے اور مدرسہ جب چل پڑا تو آپؓ نے دوبارہ اپنی ساری توجہ اخبار پر مرتکز کردی۔آپؓ نے اخبارات ’الحکم‘، ’سالار‘ اور ’وفادار‘ نکالے اور رسالے ’احمدی خاتون‘، تادیب النساء‘ بھی جاری فرمائے۔
’الحکم‘ ایک لمبا عرصہ کامیابی سے جاری رہنے کے بعد ناگزیر حالات کی بناء پر بند ہوگیا تو 1934ء میں اس کے دورِ ثانی کا آغاز مکرم محمود احمد صاحب عرفانی کے ذریعے ہوا اور پھر مئی 1951ء سے دورِ ثالث کا آغاز ہوا جو 1954ء تک جاری رہا۔ اخبار کی آخری جلد نمبر 57 تھی۔ سیدنا حضرت مصلح موعودؓ نے ایک موقع پر فرمایا: ’’الحکم اپنی ظاہری صورت میں زندہ رہے یا نہ رہے لیکن اس کا نام ہمیشہ کے لئے زندہ ہے۔ سلسلہ کا کوئی مہتم بالشان کام اس کا ذکر کئے بغیر نہیں ہوسکتا…‘‘۔
سلسلہ احمدیہ کے پہلے اخبار کے بارے میں یہ تحقیقی مضمون مکرم حبیب الرحمٰن زیروی صاحب کے قلم سے ماہنامہ ’’انصاراللہ‘‘ اکتوبر 1997ء کی زینت ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں