صحتمند بڑھاپے کے لئے غذا کا انتخاب

سن رسیدہ افراد پر اثر اندازہونے والی بہت سی بیماریوں کامناسب غذا کے استعمال سے علاج ممکن ہے یاانہیں کم کیا جاسکتا ہے۔ مجلس انصاراللہ کینیڈا کے مجلہ ’’نحن انصاراللہ‘‘ اپریل تا ستمبر 2004ء میں صحت مند بڑھاپے کے لئے غذا کے انتخاب پر ایک مضمون شامل اشاعت ہے۔
سن رسیدہ افراد کو تین گروہوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے فعال، مریض اور مزمن بیماریوں میں مبتلا افراد۔ فعال افراد کی غذائی ضروریات (چند اجزاء کے سوا) نوجوانوں سے مختلف نہیں ہوتیں لیکن کیلشیم، Foilate اور زنک اکثر مقررہ مقدار سے کم میں لئے جاتے ہیں۔ ڈیری مصنوعات کیلشیم کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اور اس کا بہترین نعم البدل Calcium-fortified soya products ہیں۔ Foilate سبز پتوں والی سبزیوں اور پھلوں میں اور زنک سرخ گوشت، مچھلی اور اناج میں پایا جاتا ہے۔
امراضِ قلب اور بلند فشارِ خون (ہائی بلڈپریشر) کی بیماری والے افراد کو خاص غذا کی ضرورت ہوتی ہے۔ امراضِ قلب کے مریضوں کے لئے تجویز کیا جاتا ہے کہ وہ خوراک میں چکنائی کا استعمال کم کریں۔ اور ریشہ دار غذاؤں، اناج، اَن چھنے آٹے کی روٹی، دلیہ، پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کریں اور اپنا وزن کم رکھیں۔ اسی طرح بلند فشار خون میں کم وزن، نمک کا کم استعمال، کیلشیم ، پھلوں اور سبزیوں کے زیادہ استعمال کے ذریعہ بچاؤ کسی حد تک ممکن ہے۔
اچھی خوراک دماغی اور جسمانی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرسکتی ہے۔ یہ بیماریوں کے حملہ سے بچاؤ اور صحت کا اچھا معیار برقرار رکھنے کے لئے درکار تمام غذائی اجزاء مہیا کرے گی۔ صحت مند غذا کینسر کے انسداد میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ چنانچہ پھلوں اور سبزیوں کے زیادہ اور چکنائی کے کم استعمال سے کسی حد تک کینسر سے بچاؤ ممکن ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں