عظیم ڈرامہ نگار۔ ولیم شیکسپیئر
دنیائے ادب انگریزی کے عظیم ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر سولہویں صدی عیسوی میں ایک متمول سوداگر جان شیکسپیئر کے ہاں سٹراٹ فورڈ میں پیدا ہوئے۔ ان کی ابتدائی زندگی کے بارے میں زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ 1552ء میں ان کی شادی این۔ہاتھوے سے ہوئی اور ان کے تین بچے پیدا ہوئے۔ 1592ء میں وہ لارڈ چیمبرلین کی کمپنی کے ممبر بن گئے جہاں ان کا کام ڈرامے لکھنا تھا۔ وہ ایک پر گو شاعر تھے اور بڑی سرعت کے ساتھ تصنیف و تالیف کا کام کیا کرتے تھے۔ 1597ء میں انہوں نے اپنے آبائی قصبے میں ایک اچھا مکان خریدا اور 1610ء میں وہاں رہائش اختیار کرلی۔ 1616ء میں ان کا انتقال ہوگیا۔
ولیم شیکسپیئر نے ہر قسم کے ڈرامے لکھے یعنی طربیہ، المیہ، تاریخی اور رومانوی۔ ان کے ڈراموں میں نظمیں بھی شامل ہیں جن میں سے بعض حصے اعلیٰ پیمانہ کی شاعری کے معیار کے مطابق ہیں۔ شیکسپیئر کی تحریر میں جدتِ خیال نمایاں ہے اور ساتھ ہی عمق، گہرائی اور متانت بھی پڑھنے والے کو مسحور کردیتی ہے۔