محترمہ حبیب النساء بیگم صاحبہ
محترمہ حبیب النساء بیگم صاحبہ حضرت مولوی فرزند علی صاحب سابق امام مسجد فضل لندن کی بیٹی اور مکرم شیخ سلامت علی صاحب کی اہلیہ تھیں۔ آپ کا ذکر خیر کرتے ہوئے آپ کے صاحبزادے مکرم شیخ خورشید احمد صاحب سابق اسسٹنٹ ایڈیٹر الفضل ربوہ، روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 10؍فروری 1998ء میں رقمطراز ہیں کہ محترمہ حبیب النساء صاحبہ 14؍مارچ 1927ء کو صرف 24 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ حضرت مصلح موعودؓ نے آپ کی بیماری کے آخری ایام میں آپ کے گھر جاکر عیادت فرمائی اور وفات پر آپ کا جنازہ پڑھایا اور جنازہ کو کندھا دیا۔ تدفین بہشتی مقبرہ میں ہوئی۔
محترمہ حبیب النساء بیگم صاحبہ کو جب علم ہوا کہ حضرت مصلح موعودؓ خواتین کے لئے ایک خاص مدرسہ قائم فرمانے والے ہیں تو آپ نے حضورؓ کی خدمت میں خط لکھ کر داخلہ کی اجازت حاصل کی۔ 17؍مارچ 1925ء کو مدرسہ کا افتتاح عمل میں آیا اور آپ پانچویں نمبر پر داخل ہوئیں۔ اورمختصر مدت میں اپنی محنت، شوق اور ذہانت سے اعلیٰ کامیابیاں حاصل کیں۔ اس پر حضرت مصلح موعودؓ نے بہت ہی خوشنودی کا اظہار فرماتے ہوئے مصر کا طبع شدہ قرآن کریم اپنے دستخط کرکے بطور انعام مرحمت فرمایا۔