محترم حافظ عبدالسلام صاحب
محترم حافظ عبدالسلام صاحب 6؍ستمبر 1892ء کو جالندھر میں پیدا ہوئے۔ 1912ء میں قبول احمدیت کی سعادت پائی۔ 1913ء میں حضرت حافظ روشن علی صاحب رضی اللہ عنہ کے درس قرآن کا اس قدر لطف اٹھایا کہ حفظ قرآن کا ارادہ کرلیا اور 1916ء میں قرآن کریم حفظ کرنے کے بعد 40 سال تک رمضان میں قرآن کریم سنانے کی توفیق پائی۔ تقسیم ملک تک شملہ اور دہلی کی جماعتوں میں بطور امیر جماعت خدمت کی توفیق پاتے رہے۔ پاکستان بننے کے بعد کراچی کے ایڈیشنل امیر مقرر ہوئے اور بعد میں امیر بنائے گئے۔ 1952ء میں آپ نے وقف بعد از ریٹائرمنٹ کی تحریک میں خود کو پیش کیا تو حضرت مصلح موعودؓ نے وکیل الدیوان اور وکیل اعلیٰ مقرر فرمایا۔ 1955ء میں جب حضورؓ بغرض علاج لندن تشریف لے گئے تو آپ کو بھی اس کمیٹی کا ممبر مقرر فرمایا جو اختلافی امور کا فیصلہ کرتی تھی۔ محترم حافظ صاحب کو 1963ء میں مشرقی افریقہ کا دورہ کرنے کی بھی توفیق ملی۔ بعد ازاں آپ وکیل المال ثانی مقرر ہوئے اور 1971ء تک آپ نے اس عہدہ پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کے خود نوشت مختصر حالاتِ زندگی روزنامہ ’’الفضل‘‘ 27؍اگست 1995ء میں شامل اشاعت ہیں۔