محترم غلام رسول صاحب وانی
ہفت روزہ ’’بدر‘‘ 25؍اکتوبر 2005ء میں مکرم عاشق حسین گنائی صاحب کے قلم سے محترم غلام رسول وانی صاحب کا مختصر ذکر خیر شامل اشاعت ہے۔
محترم غلام رسول صاحب 1945ء میں عبدالعزیز صاحب وانی آف کیموہ کشمیر میں پیدا ہوئے۔ آپ کے ماموں جماعت احمدیہ ناصرآباد میں رہائش پذیر تھے جن کے پاس رہ کر آپ نے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ اگرچہ آپ کے والد نے آپ کو خاص طور پر احمدیت کے خلاف تعلیم دی تھی لیکن آپ تقریباً تین سال خواب میں پُرنُور چہرہ والے ایک آدمی کو دیکھتے رہے جو یہ نصیحت کرتا کہ احمدیت سچی ہے۔ چنانچہ بالآخر آپ نے احمدیت قبول کرلی۔ اس پر آپ کے والد نے آپ کو سمجھانے کی کوشش کی۔ جب آپ ایمان پر قائم رہے تو انہوں نے گھر سے نکال دیا۔ پھر آپ مزدوری کرنے لگے۔ ہر جلسہ سالانہ پر قادیان بھی جایا کرتے۔ ایک بار آپ کے پاس پیسے نہیں تھے تو اپنی چادر بیچ کر کرایہ ادا کیا۔ اپنے والد کی جائیداد سے آپ خود دستبردار ہوگئے۔ 1968ء میں آپ کی شادی ہوئی۔ پھر اللہ تعالیٰ نے آپ کو اپنا مکان بنانے کی بھی توفیق بخشی اور 1998ء میں حج بیت اللہ کی سعادت بھی عطا ہوئی جس کی 1975ء میں ایک خواب کے ذریعہ بشارت دی گئی تھی۔