محترم مرزا رشید احمد چغتائی صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ یکم فروری 2003ء میں مکرم مرزا رشید احمد چغتائی صاحب کی وفات کی خبر شائع ہوئی ہے۔ آپ 30؍جنوری 2003ء کو بعمر 84 سال ربوہ میں وفات پاگئے۔ آپ 27؍ جولائی 1919ء کو شاہ پورہ ضلع گورداسپور میں مکرم بابا نور احمد صاحب چغتائی کے ہاں پیدا ہوئے جنہوں نے 1921ء میں قبول احمدیت کی توفیق پائی تھی۔
مکرم چغتائی صاحب نے مدرسہ احمدیہ سے تعلیم حاصل کی اور مولوی فاضل اور مربیان کا کورس پاس کیا۔ 10؍اپریل 1944ء کو آپ کا وقف منظور ہوا اور دو سال دارالواقفین میں رہے۔ اکتوبر 1946ء میں آپ کا تقرر بلاد عربیہ کے لئے ہوا۔ چھ سال تک فلسطین، اردن، شام اور لبنان میں خدمات بجالانے کے بعد آپ پاکستان آئے اور پھر مرکز اور دیگر شہروں میں بطور مربی کام کیا۔ دس سال تک قاضی سلسلہ بھی رہے۔ چند ماہ اخبار الفضل میں بھی کام کیا۔ دو سال تک جامعہ نصرت ربوہ میں عربی اور دینیات پڑھاتے رہے۔